ملتان،18اگست(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے بارشوں کے باعث انسداد ڈینگی مہم کا دائرہ کار بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے اس سلسلے میں محکمہ صحت کو فیلڈ میں ایمرجنسی کے نفاذ کی ہدایت کی گئی ہے ،نم موسم کے باعث ڈینگی لاروا کی افزائش بڑھنے کا خدشہ ہے جس سے وباءکے پھیلنے کے خدشات ہیں ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، جہاں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر علی مہدی نے بریفنگ دی ۔
ڈپٹی کمشنر طاہر وٹو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گھر گھر سرویلنس کے ذریعے ڈینگی لاروا کی تلفی یقینی بنائی جائے تاکہ مچھر کی افزائش کو روکا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ضلع ملتان میں ڈینگی کا کوئی مریض سامنے نہیں آیا تاہم انتظامیہ مکمل الرٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی محکمے آن لائن پورٹل پر ڈینگی سرگرمیاں اپ لوڈ کریں جبکہ شہریوں کو حفاظتی انتظامات کے حوالے سے بھرپور آگاہی دی جائے۔
طاہر وٹو نے وارننگ دی کہ کمرشل عمارات میں ڈینگی لاروا ملنے پر پراپرٹی سیل کی جائے گی اور بھاری جرمانے بھی عائد کئے جائیں گے۔











