جیکب آباد؛ تحصیل ٹھل میں پاک فوج امدادی اور ایمرجنسی ریسکیو کے لیے پہنچ گئی ،کثیر تعداد میں  پھنسے  متاثرین کو نکالا گیا

12

 جیکب آباد،25 اگست(اے پی پی ):  ضلع کی شدید بارشوں سے متاثر ہونے والی تحصیل ٹھل میں پاک فوج امدادی اور ایمرجنسی ریسکیو کے لیے پہنچ گئی ہے۔پاک آرمی کے جوانوں نے بارش سے متاثرہ علاقے دلمراد ریلوے اسٹیشن اور بہادرپور میں ایمرجنسی ریسکیو کرکے گہرے پانی میں واٹر بوٹ کے ذریعے ستر سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ۔

 بارش سے متاثر ہونے والوں کی سب سے زیادہ تعداد خواتین اور معصوم بچوں کی تھی، پاک آرمی کی جانب سے بارش متاثرین کو بارش کے ممکنہ بچاوّ  کیلئے  چالیس سے زائد خیمے  اور راشن فراہم کیے،حالیہ مون سون کی بارشوں سے ٹھل کے علاقے دلمراد ریلوے اسٹیشن اور بہادر پور بری طرع متاثر ہوئے۔

تحصیلدار دیدار علی کنرانی نے کہا کہ پاک آرمی کی جانب سے بروقت ریسکیو کا عمل نہ ہوتا تو بارش متاثرین کی قیمتی جانیں ضائع ہونے کا امکان تھا،پاک آرمی کی جانب سے دیگر بارش سے متاثرہ علا قوں میں بھی ریسکیو کا عمل جاری رکھے گی۔