جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے تمام پارلیمنٹیرینز سیلاب متاثرین کے مسائل کے حل کیلیے متحرک ہیں؛ صوبائی وزیر سید عباس علی شاہ

14

لاہور،25 اگست ( اے پی پی ): صوبائی وزیر جنگلات و چیف وہب پنجاب اسمبلی سید عباس علی شاہ نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے تمام پارلیمنٹیرینز سیلاب متاثرین کے مسائل کے حل کیلیے متحرک ہیں، دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان بھی امدادی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔

اپنے دفتر میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے سید عباس علی شاہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب بھی سیلاب کی صورتحال اور ریسکیو اقدامات کو مانیٹر کر رہے ہیں اور اضلاع کی انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سیلاب متاثرین کی تکلیف اور مسائل کا احساس ہے۔ حکومت سیلاب کی تباہ کاریوں سے ہونے والے نقصان کے ازالے کیلئے کوشاں ہے۔

سید عباس علی شاہ نے مزید کہا کہ حکومتی سطح پر ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی کا قیام اسی سلسلے پر اہم پیش رفت ہے جو ایسے سانحات سے نمٹنے کیلئے اقدامات کرے گی۔

 صوبائی وزیر جنگلات نے کہا کہ پنجاب کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کمیٹی اپنا بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے اپنے قیام کا صحیح حق ادا کرے گی۔ انہوں  نے کہا کہ سیلاب متاثرین کو کسی بھی لمحہ تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کے نقصانات کا تخمینہ لگا کر ہر صورت ان کے زخموں پر مرہم رکھا جائے گا۔