جلالپورپیروالا؛ موٹروے پولیس کی بروقت کاروائی، گمشدہ لڑکے گھر والوں سے ملوا دیے

7

جلالپورپیروالا،25 اگست  (اے پی پی ): موٹروے پولیس کی بروقت کاروائی، گمشدہ لڑکے گھر والوں سے ملوا دیے۔ سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل نے  آفیسران کو تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے ۔

موٹروے پولیس کے سب انسپکٹر عمران حیدر اور فوٹوگرافر محمد اعجاز ٹائم سلپ/ ویک اپ پوائنٹ پر ڈیوٹی پر مامور تھے۔ رات 01 بجکر 25 منٹ پر آزاد کشمیر کمپنی کی بس BSB-470 جو کہ مانسہرہ سے کوئٹہ جارہی تھی کو چیک کیا گیا جس میں دو لڑکے اویس اور مصطفیٰ جنکی عمر 15 سال تھی، سفر کر رہے تھے۔ جن سے شک ہونے پر سفر کی وجہ دریافت کی گئی مگر وہ سفر کرنے کی وجہ نا بتا سکے جس کی اطلاع ڈی ایس پی موٹروے کو دی گئی  جو فوری طور پر موقع پر پہنچے ،تحقیق سے معلوم ہوا کہ دونوں لڑکوں کا تعلق پشاور سے ہے اور دونوں گھر سے مفرور ہیں اور ان کے پاس 70,000 روپے نقدی بھی ہے، گمشدہ لڑکوں کے والدین کو بذریعہ موبائل فون اطلاع دی گئی جس پر وہ انہیں لینے کے لیے پشاور سے چل پڑے۔

 لڑکوں کو کیمپ لایا گیا اور انہیں کھانا کھلایا گیا اور بعد ازاں والدین کے آنے پر انکے حوالے کر دیا گیا اور 70,000 روپے نقدی بھی والدین کے حوالے کر دی ۔ والدین بچوں کی گمشدگی پر شدید کرب میں مبتلا تھے۔

 سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل نے اس شاندار کارکردگی پر دونوں آفیسران کو تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا اور تمام آفیسران کو ایسے ہی لگن سے ڈیوٹی سر انجام دینے کی ہدایت کی۔