رینالہ خورد،26اگست (اےپی پی): اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد واجد نے چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد سے ملاقات کی ،ملاقات میں یونیورسٹی کے مسائل اور چیلجزکے بارے میں بریفنگ دی۔
چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد نے اوکاڑہ اور اس کے گردونواح میں پسماندہ طبقات کے بچوں کو اعلیٰ تعلیم کی مساوی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے وائس چانسلر کی کاوشوں کو سراہا اور انہیں ہدایت کی کہ تدریس کے معیار کو مزید بہتر بنائیں تاکہ معاشرتی تبدیلی اور ترقی کی راہ ہموار ہو سکے۔
پروفیسر مختار نے وائس چانسلر کو کہا کہ وہ یونیورسٹی کے ہائیر ایجوکیشن کمیشن سے متعلقہ تمام معاملات کے متعلق ان کو براہ راست آگاہ کیا کریں تاکہ وہ متعلقہ افسران کے ساتھ یونیورسٹی انتظامیہ کی بذریعہ ویڈیو لنک میٹنگ کروا کے ان مسائل کو فوری حل کروا سکیں ۔
چیئرمین نے یونیورسٹی کی تعلیمی اور انتظامی بہتری کےلیے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جامعات کو انفراسٹکچر کی تعمیر کےلیے اپنے وسائل پہ بھروسہ کرنا ہو گا۔
اپنے پیغام میں انہوں نے یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلباء کو ہدایت کی کہ وہ سائنسی تحقیق پہ زیادہ توجہ دیں اور ایچ ای سی کی جانب سے پیش کردہ فنڈڈ پراجیکٹ کےلیے درخواستیں جمع کروائیں تاکہ ان کو تحقیق کےلیے فنڈز جاری کیے جا سکیں۔
اس موقع پر یونیورسٹی کے شعبہ شماریات کے سربراہ ڈاکٹر مقصود احمد بھی موجود تھے ۔











