لاہور؛ صوبائی  وزیر میاں اسلم اقبال کا ایل ڈی اے کے ون ونڈو سہولت سنٹر میں کھلی کچہری کا انعقاد

12

لاہور، 26اگست(اے پی پی): صوبائی وزیر ہاؤسنگ واربن ڈویلپمنٹ میاں اسلم اقبال نے ایل ڈی اے کے ون ونڈو سہولت سنٹر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔سیکرٹری ہاؤسنگ شکیل احمد، ڈپٹی کمشنرمحمدعل، ڈی جی ایل ڈی اے عامر احمد خان اور ادارے کے افسران نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر نے ایل ڈی اے اور ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ سے متعلقہ شکایات سنیں۔ اس موقع پر سائلین کی کثیر تعداد کھلی کچہری میں موجود تھی۔صوبائی وزیر نے بعض شکایات کا موقع پر ازالہ کیا اوربعض سائلین کو موقع پر ہی این او سی دئے گئے۔صوبائی وزیر نے عرصہ دراز سے زیر التوا کیس بھی نمٹا دئے۔ صوبائی وزیر نے مسائل کو ٹائم لائن کے اندر حل کرنے کا حکم بھی دیا۔

صوبائی وزیر ہاؤسنگ واربن ڈویلپمنٹ میاں اسلم اقبال نے کھلی کچہری کے دوران سائلین اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سائلین کے مسائل کے حل میں کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں،لوگوں کی تکالیف کا ازالہ فرض بھی ہے اور عبادت بھی اورعوام کی خدمت سے بڑھ کر کوئی چیز اہم نہیں۔انہوں نے کہا کہ افسران خدمت خلق کے جزبہ سے سرشار ہوکر کام کریں،کھلی کچہری کا مقصد عوامی خدمت کے اداروں کی کارکردگی جانچنا ہے،عوامی خدمت میں کوتاہی برتنے والا افسرواہلکار ادارے میں نہیں رہے گا،سزا اور جزا کے نظام کے بغیر کوئی ادارہ نہیں چل سکتا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف کارروائی کا ایکشن پلان بنایا جارہا ہے،غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی ریگولرائز نہ کرائی گئی تو کیس انٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ بھجوایا جائے گا،جس نے غلط کام کیا وہی ذمہ دار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام کے تحت کم لاگت ہاؤسنگ سکیموں کے لئے جلد نئی پالیسی لائی جارہی ہے۔