لاہور،26 اگست (اے پی پی): گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نے پبلک سیکٹر اور پرائیویٹ یونیورسٹیوں کو سیلاب متاثرین کیلیے فلڈ ریلیف مہم شروع کرنے کیلئے مراسلہ ارسال کردیا ہے۔
گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن کی جانب سے صوبے کی پبلک سیکٹر اور پرائیویٹ جامعات کو لکھے گئے مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے سیلاب متاثرین کے لیے یونیورسٹی فیکلٹی اور طلبہ فنڈز، کپڑے، خوراک اور دیگر ضروری سامان اکھٹا کریں۔
گورنر پنجاب نے کہا ہے کہ جامعات فنڈز اپنے ترجیحی میکنزم کے ذریعے بھی سیلاب زدگان کے لیے استعمال کر سکتی ہیں، اکھٹا کیا گیا فنڈ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب ریلیف فنڈ میں بھیجا جاسکتا ہے۔
گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن کا اپنے مراسلے میں یہ بھی کہنا تھا کہ طلبا اور یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبرز میں رضاکارانہ جذبے کو فروغ دیا جائے، مشکل حالات میں متاثرہ بہن، بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہونا ہمارا قومی فریضہ ہے۔











