سیلاب زدگان کو ریلیف دینے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں مل کر کام کر رہی ہیں؛ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان

15

لاہور،27 اگست (اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ سیلاب زدگان کو ریلیف دینے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں مل کر کام کر رہی ہیں۔ ملک  سیلاب کی تباہ کاریوں سے مشکل حالات سے دوچار ہے، مشکل کی اس گھڑی میں سب کو مل کر سیلاب زدگان بہن بھائیوں کی مدد اور بحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض سے  ہفتہ کو یہاں گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کے دوران کیا ، ملاقات میں باہمی دلچسپی کی امور اور ملک کی موجودہ صورتحال پر گفتگو کی گئی۔

اپوزیشن لیڈر نے گورنر پنجاب کے پنجاب کابینہ سے حلف لینے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ غلط مثالوں سے ہٹ کر ایک اچھی مثال قائم کی ہے۔  ملک کی تاریخ میں یہ فیصلہ یادگار فیصلے کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

 اپوزیشن لیڈر نے گورنر پنجاب کے ماضی میں بطور وفاقی وزیر تعلیم  تعلیمی اداروں میں قرآن پاک کی تعلیم سمت دیگر اقدامات  کو بھی سراہا۔

 گورنر پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹیوں میں ایڈہاک ازم کے خاتمے کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ بطور چانسلر لوگوں کو قانون کے مطابق ریلیف دینے کے لیے التوا شدہ اپیلوں کو دگنا وقت دے کر نمٹا رہا ہوں۔

  گورنر پنجاب نے آگاہ کیا  کہ اعلی تعلیم کا فروغ ہمیشہ مسلم لیگ ن کی ترجیح رہی ہے۔