لاہور27 اگست(اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور اورسیلاب سے پیدا ہونے والی غیر معمولی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں راولپنڈی کے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی کیلئے ممکنہ وسائل بروئے کار لارہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے متاثرین کے لئے مالی امداد کی اپیل کیلئے کہا ہے۔
متاثرین سیلاب کی مدد کرنا ہی اصل سیاست ہے۔ مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے- متاثرین کی پکار پر سب کو یکجان ہو کر ان کا سہارا بننا ہوگا۔چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ جنوبی پنجاب، بلوچستان، کے پی کے اور سندھ میں تباہی پر ہر آنکھ اشکبار اور دل دکھی ہے۔ انسانی المیہ کو روکنے کیلئے سب کو ملکر مشترکہ اور مربوط انداز میں بحالی کا کام کرنا ہے۔
چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ راولپنڈی میں مدراینڈ چائلڈ ہسپتال کو جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچا یا جائے گا۔
راولپنڈی میں گرلز ڈگری کالج پراجیکٹ کو جلد مکمل کریں گے انھوں نے کہا کہ نالہ لئی ایکسپریس وے پراجیکٹ سے ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے گی۔ راولپنڈی کے عوام کے لئے فلاحی منصوبوں کی ذاتی طورپر مانیٹرنگ کروں گا۔
شیخ رشید نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے اجتماعی کاوشیں ضروری ہیں مصیبت زدگان کی مدد ہر صاحب استطاعت کیلئے فرض ہے۔ ہنگامی حالات میں حکومت پنجاب کے اقدامات قابل تحسین ہیں۔











