صوبائی وزیر آبپاشی ارشدایوب خان کا سیلاب سے متاثر اضلاع نوشہرہ و چارسدہ کا دورہ، ریلیف سرگرمیوں کا جائزہ لیا

16

پشاور، 29 اگست (اے پی پی): صوبائی وزیر آبپاشی ارشدایوب خان نے سیلاب سے متاثر اضلاع نوشہرہ و چارسدہ کا دورہ کیا۔انہوں نے چارسدہ میں منڈا ہیڈورکس و دیگر سیلاب زدہ علاقوں کا جائزہ  لیا اور منڈا ہیڈورکس کے تباہ شدہ حصہ اور جی ٹی روڈ پل اور خیر آباد سمیت کئی مقامات پر پانی کے بہاؤ کا جائزہ لیا اور متعلقہ محکمہ آبپاشی کے عملے کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔

 اس موقع پر صوبائی وزیر آبپاشی ارشد ایوب خان کو ڈپٹی کمشنر نوشہرہ نے سیلاب صورتحال و ریلیف سرگرمیوں کے حوالے سے بریفینگ دیتے  ہوئے بتایا کہ منڈا ہیڈ ورکس کی گنجائش 225000 کیوسک ہے جس پر گنجائش سے زیادہ سیلابی ریلہ گزرنے سے ہیڈورکس کا کچھ حصہ تباہ ہوگیا ہے ۔

 صوبائی وزیر آبپاشی نے نوشہرہ میں مختلف مقامات میں پانی کے بہاؤ کا جائزہ لینے کے بعد کہا کہ نوشہرہ کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے تاہم، فلڈ سیل عوام کو سیلابی صورتحال سے باخبر رکھنے کےلئے کوشاں ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ محمود خان  سیلاب و آبادکاری کے عمل کی خود نگرانی کررہے ہیں،صوبائی حکومت  تباہ شدہ انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے ہنگامی اقدامات اُٹھارہی ہے۔

ارشدایوب خان نے کہا کہ سیلاب صورتحال میں متاثرین کو اکیلا نہیں چھوڑینگے اور  چارسدہ و نوشہرہ سیمت سیلاب زدہ اضلاع میں امدادی سرگرمیوں کے لیے ایمرجنسی نافذ کرکے امداد و بحالی کے کام کیلئے کوشاں رہینگے۔