لاہور29اگست ( اے پی پی ) وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی کی زیر صدارت آج وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی کابینہ کا دوسرا اجلاس منعقدہوا،پنجاب کابینہ نے سیلاب متاثرین سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ایک ماہ کی تنخواہ متاثرین سیلاب کی مدد کے لیے دینے کا اعلان کیا۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی نے اپنا ہیلی کاپٹر سیلاب متاثرین کے لئے وقف کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ میرا ہیلی کاپٹر مصیبت زدہ بہن بھائیوں کو ریلیف دینے کے لئے استعمال کیا جائے۔ وزیراعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں سیلاب سے متاثرہ دیگر صوبوں کی ضروریات پوری کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔وزیراعلیٰ پرویز الہٰی نے کہاکہ پنجاب حکومت بلوچستان، سندھ اور خیبر پختونخوا کے سیلاب متاثرین کیلئے ادویات اور میڈیکل سٹاف بھجوائے گی۔بلوچستان، سندھ اور خیبرپختونخواکے سیلاب متاثرہ بہن بھائیوں کے ساتھ ہیں۔پنجاب حکومت مشکل کی گھڑی میں دیگر صوبوں کے ساتھ بھی کھڑی ہے۔ پنجاب کابینہ کے اجلاس میں راجن پور، ڈیرہ غازی خان اور میانوالی کے سیلاب متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دینے کے فیصلے کی توثیق کی گئی۔ اجلاس میں بارشوں و سیلاب سے جاں بحق ہونے افراد کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی گئی۔پنجاب کابینہ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کااظہار کیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی نے ریلیف کی سرگرمیو ں کو منظم انداز میں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی او رکہاکہ متاثرہ علاقوں میں ضرورت کے مطابق ٹینٹ،فوڈ ہیمپرز او ردیگر ضروری سامان مہیا کیاجائے گا۔











