اوکاڑہ،30 اگست(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنرعرفان علی کاٹھیا نے تحصیل دیپالپور کا دورہ کیا اور ہسپتال میں ادویات ہونے کے باوجود مریضوں کو فراہم نا کرنے پرڈسپنسر کو معطل کیا ۔انہوں نے ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ،میڈیکل وارڈ اور چلڈرن وارڈ کی ناقص صفائی پر برہمی کا اظہار کیا۔
ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے میونسپل کمیٹی دیپالپور،اراضی لینڈ ریکارڈ سنٹر اور دیہی مرکز مال کا بھی دورہ کیا اور سائلین سے ادارہ کی جانب سے فراہم کی جانیوالی سہولیات سے متعلق دریافت کیا۔ انہوں نے لینڈ ریکارڈ سنٹر،دیہی مرکز مال میں انتقالات سمیت دیگر ریکارڈ بھی چیک کیا۔
ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ سرکاری ادارے لوگوں کی آسانی اور سہولت کو سب سے اولین اہمیت دیں، عوامی فلاح و وبہبود کے کاموں میں تاخیر اور دفاتر میں ریڈ ٹیپ ازم کو بڑھاوا دینے والے افسران اور اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، لوگوں کے سرکاری دفاتر سے متعلق کام میرٹ اور شفافیت سے فوری ہونے چاہیے اور بلاجواز تاخیر کسی صورت قابل قبول نہیں۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کی دیکھ بھال اور علاج معالجہ کی فراہمی میں کوئی غفلت اور سستی نہ کریں سرکاری فرائض سے روگردانی کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔











