سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کے طلباء کیجانب  سے  رین ریلیف کیمپ   قائم ، متاثرین کی مدد کیلئے روزمرہ کی اشیاء کے ساتھ چندہ اکھٹا کیا جا رہا

14

حيدرآباد،31اگست(اے پی پی): سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کے طلباء کی “سیلف ہیلپ سوسائٹی” کی جانب سے برسات متاثرین کی مدد کیلئے آج رین ریلیف کیمپ   قائم کی گئی  جہاں طلباء و طالبات متاثرین کی مدد کیلئے روزمرہ کی اشیاء کے ساتھ چندہ بھی اکھٹا کر رہے ہیں۔

 سندھ زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری نے کیمپ کا دورہ کیا اور طلباء کی سرگرمیوں کا  جائزہ بھی لیا اور وہاں موجود شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری نے کہا کہ زندہ قومیں ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیتی  ہیں ،آج ہمارے ملک پر ناگہانی مصیبت اور مشکل وقت ہے،   آج ہمیں اپنی بھائیوں کا سہارہ بننا ہے۔ انہوں نے کہا طلباء باشعور ہیں،  انہوں نے یہ ثابت کیا ہے کہ وہ امدادی کاموں میں اپنا شاندار کردار ادا کرسکتے ہیں۔

وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری نے کہا کہ سندھ زرعی یونیورسٹی کیلئے یہ بات باعث افتخار ہے کہ ہمارے طلباء سماجی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں، ایک طرف زرعی یونیورسٹی کے اساتذہ و طلباء  برسات متاثر بیمار جانوروں کا علاج کر رہے ہیں دوسری جانب سندھ زرعی یونیورسٹی، سب کمپس عمرکوٹ سمیت ڈوکری اور خیرپور میں زرعی یونیورسٹی سے منسلک کالیجز کے اساتذہ اور طلباء سماجی خدمت میں مشغول ہیں۔

 اس موقع پر فیکلٹی آف سوشل سائنسز کے ڈین ڈاکٹر اعجاز علی کھوھارو، فیکٹی آف اینیمل ھسبنڈری اینڈ وٹرینر سائننسز کی ڈین ڈاکٹر سید غیاث الدین شاہ راشدی، کراپ پراڈکشن فیکلٹی کے ڈین ڈاکٹر عنایت اللہ راجپر، فیکلٹی آف کراپ پروٹیکشن کے ڈین ڈاکٹر منظور علی ابڑو، ڈئریکٹر یونیورسٹی ایڈوانسمینٹ اینڈ فنانشل اسسٹنس ڈاکٹر محمد اسماعیل کمبھر، رجسٹرار غلام محی الدین قریشی، پروجیکٹ ڈئریکٹر ریاض حسین سومرو، میڈم سعدیہ ،اساتذہ اور طلباء کی بڑی تعداد موجود تھی۔