متاثرین سیلاب کے ریسکیو اور ریلیف کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لا ئے جارہے ہیں ؛صوبائی  وزیر شرجیل میمن

15

حیدرآباد،31اگست  (اے پی پی):سندھ کے وزیر اطلاعات،ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ اورحیدرآباد رین ایمرجنسی فوکل پرسن شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ بروقت کارروائی اور فوری طور پر کینالوں میں پڑنے والے شگاف پر کیے جانے کے باعث سینکڑوں دیہات ڈوبنے سے بچ گئے ہیں، برسات کے سبب پیدا ہونے والی صورتحال سے بخوبی واقف ہیں اور وہ برسات متاثرہ علاقوں کے مسلسل دورے کر رہے ہیں جبکہ متاثرین کے ریسکیو اور ریلیف کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا ئے جارہے ہیں ۔

وہ راہوکی اور ہوسڑی شاخ کے مختلف متاثرہ دیہاتوں کا دورہ کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے راہوکی شاخ کے حساس پشتوں کا معائنہ کیا انہوں نے کہا کہ راہوکی شاخ کے بائیں حفاظتی پشتیں انتہائی حساس ہیں ۔صوبائی وزیر نے کہا کہ میں خود حفاظتی بندوں اورمتاثرہ علاقوں کی نگرانی کررہا ہوں اور اس حوالے سے دن رات دورے کئے اور وہاں پڑنے والے شگاف کو پر کروایا انہوں نے کہا کہ ممکنہ سیلاب سے ٹنڈو قیصر سمیت دیگر دیہات متاثر ہوسکتے تھے ۔

شرجیل میمن نے گورنمنٹ اسکول ٹنڈو حیدر میں ریلیف کیمپ کا دورہ کرکے متاثرین سے سہولیات کے حوالے سے معلومات لیں۔ انہوں نے کہا کہ ریلیف کیمپ میں 72 خاندانوں کے292 افراد اور 102 بچے رہائش پذیر ہیں۔

 اس موقع پر صوبائی وزیر شرجیل میمن نے تعلقہ دیہی حیدرآباد میں قائم ریلیف کیمپ میں میڈیاکے نمائندوں سے بات  کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد سے پانی کی گزرگاہ نہیں لہذا اس ضمن میں ہم نے شاخوں کی سطح کو مزید بڑھایا ہے اگر ایسا نہیں کرتے تو گاؤں ڈوب جاتے انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد میں دو دو فٹ شاخوں کے پشتوں کو  اونچا کیا گیا ہے تاکہ پانی کا جو ریلا آرہا ہے اس سے نقصان نہ ہو۔

 صوبائی وزیر نے بتایا کہ جوہی ، کے این شاہ، سعید آباداورنوشہرو فیروز کی حالت خراب ہے، صوبائی کابینہ کے وزراء اور دیگر اراکین متاثرہ مقامات کی نگرانی کررہے ہیں  انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی پوری لیڈر شپ ہر ایک چیز کی خود نگرانی رہی ہے  جبکہ عمران خان کے لوگ اس وقت فتنہ پیدا کررہے ہیں اس مشکل کی گھڑی میں بھی پی ٹی آئی کے لوگ جھوٹی خبریں پھیلا رہے ہیں، ہم نے اس حوالے سے ایف آئی اے سے بھی رجوع کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت پورا پاکستان ایک آواز ہے،پاک آرمی ، نیوی ، حکومت سب غریبوں کی مدد کررہے ہیں،سوائے ایک سیاسی پارٹی  کے جس کا نام صرف فتنہ ہے،اگر کوئی اس وقت بھی سیاست چمکارہا ہے تو شرم کی بات ہے۔

 صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ کے 23 اضلاع بہت متاثر ہیں اور کئی مقامات پر زمینی راستے منقطع ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے ایک گھنٹے میں 1 کھرب 30 ارب روپے کی امداد ملک کے لیے لی ۔