موٹروے پر بغیر ایمرجنسی گیٹ والی بسوں کا داخلہ 07 ستمبر کے بعد بند کر دیا جائے گا، زونل کمانڈر MC-II زون شاہد جاوید

18

جلالپورپیروالا،31 اگست ( اےپی پی): انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹرویز پولیس خالد محمود کے احکامات کی روشنی میں ڈی آئی جی/زونل کمانڈر MC-II زون شاہد جاوید نے موٹروے سنٹرل 2 زون پر چلنے والی تمام چھوٹی بڑی گاڑیوں کے لیے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ موٹروے پر بغیر ایمرجنسی گیٹ والی بسوں کا داخلہ 07 ستمبر کے بعد بند کر دیا جائے گا جسکا نوٹس بھی جاری کر دیا گیا۔ جس پر سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل کی زیرنگرانی تمام بیٹ ہائے میں عملدرآمد کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل نے موٹروے سروس ایریا میں موجود ٹائم سلپ/ ویک اپ پوائنٹ پر بسوں کو چیک کیا اور بس کے عملے اور مسافروں کو کسی بھی ناخوشگوار صورتحال میں بس سے باہر نکلنے یا کسی بھی ہنگامی صورتحال میں حفاظتی آلات کے موثر استعمال کے بارے خصوصی بریفنگ دی اور ساتھ ساتھ ایمرجنسی کی صورت میں بس میں پچھلی جانب ایمرجنسی ایگزٹ کا گیٹ کھولنے اور اس سے اخراج بارے بتایا۔اس موقع پر ان کے ساتھ ڈی ایس پی بیٹ 23 مسرور علی بھی موجود تھے۔ سیکٹر کمانڈر رانا محمد اسماعیل نے مزید بتایا کہ موٹروے پر کسی بھی مدد یا شکایت کی صورت میں ہیلپ لائن ‘130’ یا سمارٹ فون ایپلی کیشن ‘ہمسفر ایپ’ سے مدد لی جا سکتی ہے۔