سیلاب پر قابو پانے کے لئے ڈیموں کی تعمیر ضروری ہے، صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی

16

ڈیرہ غازی خان ،01ستمبر (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سیلاب سے متعلق وارننگ سسٹم کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیلاب پر قابو پانے اور پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت میں اضافے کے لئے بڑے ڈیموں کی تعمیر ضروری ہے۔

صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو سیلاب سے متاثرہ علاقے کے دورے کے موقع پر ڈیرہ غازی خان ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ کے دوران کیا۔

صدر نے ڈیرہ غازی خان میں 3 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبے پر کھڑی فصلوں، قیمتی جانی و مالی نقصان اور ہزاروں عمارتوں کو پہنچنے والے نقصان پر تشویش کا اظہار کیااورکہا کہ لوگوں کے جان و مال، مویشیوں، گھروں اور فصلوں کو ہونے والے نقصان کا آزالہ کرنا حکومت کی اولین ترجیحات ہونی چاہیے۔ انہوں نے سیلاب سے متعلق وارننگ سسٹم کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں پہاڑی سیلاب کے پانی کو ذخیرہ کرنے کیلئے ڈیلے ایکشن ڈیموں کی تعمیر پر توجہ دی جائے۔

صدر مملکت نے کہا کہ حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین کے نقصانات کا جلد آزالہ کرنے کی ضرورت ہے، فصلوں کی انشورنس کرانے سےآفات کی وجہ سے کسانوں اور کاشتکاروں کے نقصانات کو پورا کیا جاسکتا ہےاور کہا کہ  کاشتکاروں اور کسانوں کو فصلوں کی انشورنش کرانے کی ترغیب دی جائے، سیلاب کے بعد بیماریوں کےپھیلاؤ کو روکنے اور صحت کی ضروریات پورا کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔