ملتان ،01 ستمبر(اے پی پی ): حکومت پنجاب نے ضلع ملتان میں شاہراہوں کی تعمیر کے لئے 22 ارب روپے کی لاگت سے50 سے زائد سڑکوں کی تعمیر پر کام شروع کردیا گیا ہے۔
ایکسین ہائی وے غلام نبی نے دفتر محکمہ تعلقات عامہ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلائی اوورز اور شاہراہوں کے ایک درجن سے زائد میگا پراجیکٹس منصوبوں میں شامل ہیں، 1ارب روپے کی لاگت سے سیداں والا بائی پاس بوسن روڈ سے دریائے چناب تک دورویہ شاہراہ کی تعمیرجاری ہے ۔
غلام نبی نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے بوسن روڈ سے ہیڈ محمد والا تک شاہراہ 80 فٹ چوڑی ہوجائے گی جبکہ ملتان سے بھکر، لیہ اور تونسہ شریف کے درمیان مسافت کا وقت کم ہوجائے گا ۔
ایکسین ہائی وے نے کہا کہ شیر شاہ سے نشتر ٹو شجاع آباد روڈ تک 56 کروڑ روپے کی لاگت سے کیرج وے تعمیر کی جارہی ہے ، شجاع آباد کینال کے ساتھ تعمیرہونیوالی کیرج وے سے ڈی جی خان سے نشتر ٹو اور موٹروے تک فاصلے سمٹ جائیں گے۔انہوں نے کہا مظفر آباد میں نادر آباد فلائی اوور کی تعمیر پر2 ارب80 کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔
غلام نبی نے کہا کہ نادر آباد فلائی اوور اپنی نوعیت کے حوالے سے ٹو سٹیج ہوگا ، فائل ورک جاری ہے،منصوبہ2024 تک مکمل کرلیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ فلائی اوور کے ذریعے شیرشاہ،ملتان شہر اور انڈسٹریل اسٹیٹ کی طرف ٹریفک کو رواں رکھا جاسکے گا ، کھاد فیکٹری سے متی تل روڈ کی طرف21 کلومیٹر طویل دو رویہ سڑک پر کام جاری ہے
ایکسین ہائی وے نے کہا کہ کھاد فیکٹری متی تل روڈ کی تعمیر پر2ارب 50 کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں ، وومن یونیورسٹی تک روڈ کی تعمیر مکمل کر لی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملتان شہر میں تغلق ٹاون فلائی اوور کی تعمیر پر1 ارب20 کروڑ روپے صرف کئے جارہے ہیں ۔وزیر اعلی پرویز الہی کی ہدایت پر شجاع آباد سے جلال پور پیروالا کیرج وے کے منصوبے کی منظوری دے دی گئی ہے ، اس میگا پراجیکٹ پر2 ارب50 کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے ، منصوبے کا ٹینڈر جلد جاری کردیا جائے گا۔











