پنجاب آرٹس کونسل کے زیر اہتمام ڈائمنڈ جوبلی کی تقریبات،بچے اس قوم کا سرمایہ اورپاکستان کا مستقبل ہیں، مقررین

35

مری، 02 ستمبر(اے پی پی):بچے اس قوم کا سرمایہ ہیں اور یہی ملک پاکستان کا مستقبل بھی ہیں ضرورت اس امر کی ہے  کہ بچوں کو آزادی کی اہمیت اور تاریخی حیثیت سے بھی روشناس کرایا جائے کیونکہ نئی نسل نے آگے بڑھ کر اس ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے اور ملک کی تعمیر ترقی کا دارو مدار بھی انھی سے وابستہ ہے۔

ان خیالات کااظہار مقررین نے پنجاب آرٹس کونسل کے زیر اہتمام ڈائمنڈ جوبلی کی تقریبات کے حوالے سے منعقدہ ٹیبلو شو میں کیا تقریب میں خطہء کوہسار مری کے تمام تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات نے ٹیبلو شو میں بھر پور حصہ لیا اور ملی و قومی نغموں پر مبنی ٹیبلو  خوبصورت انداز میں پیش کیے

جنہیں دیکھ کر حاضرین بے حد متاثر ہوئے اور محظوظ بھی ہوئے ۔تقریب کے اختتام پر ٹیبلو میں حصہ لینے والے تمام طلباء میں سرٹیفیکیٹ اور کپ تقسیم کیے گئے اس رنگا رنگ تقریب میں فیمیلیز،میڈیا  پرسن  احباب،سول ڈیفنس افسران اور سیاحوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

 اس موقع پر پنجاب آرٹس کونسل کے  ڈپٹی ڈائریکٹر محمد شکور نے مختلف تقریبات کے ذریعے بچوں کو قومی سطح پر ایک سوچ و فکر کے تحت ایجوکیٹ کرنے کا عہد کیا اور پنجاب آرٹس کونسل کی جانب سے عوام الناس سے اپیل کی ہے  کہ پنجاب آرٹس کونسل نے سیلاب زدگان کی مدد کرنے کے لیے ریلیف فنڈ کا آغاز کر دیا  ہے، مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین سیلاب زدگان کی فوری بحالی کے لیے بحثییت قوم اپنا کردار ادا کریں اور بڑھ چڑھ کر امداد میں حصہ لیں۔