لاہور،4 ستمبر ( اے پی پی ): وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ یہ وقت سیاست سے اوپر سوچنے کا ہے، اصل سیاست اس وقت دکھی انسانیت کی خدمت ہی ہے، سیلاب متاثرہ علاقوں میں وبائی امراض کی روک تھام کیلئے خصوصی میڈیکل کیمپس کی تعداد میں اضافہ کیا ہے، میڈیکل کیمپس میں ضروری طبی سہولتیں اور وبائی امراض سے بچاؤ کی ادویات وافر موجود ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینئیر سیاست دان چوہدری نذیر جٹ سے ملاقات کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ میری ہدایت پر چیف سیکرٹری کامران افضل ایک بار پھر متاثرہ علاقوں میں موجود ہیں، متاثرین کی بحالی کے اقدامات کی خود نگرانی کر رہا ہوں۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ متاثرین سیلاب کی مدد کے لئے آگے آنا عبادت سے کم نہیں، مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کی مدد ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب متاثرین کی مدد کے لئے تمام ممکنہ وسائل مہیا کررہی ہے ،یہ وقت اختلافات بھلا کر مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی مدد کرنے کا ہے۔











