لاہور؛صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے ٹھوکر نیاز بیگ سے امدادی سامان کے 27 ٹرک سکھر کے سیلاب زدگان کیلئے روانہ کر دئیے

9

لاہور،04ستمبر ( اے پی پی ): صوبائی وزیر صنعت و تجارت و ہاؤسنگ میاں اسلم اقبال نے  ٹھوکر نیاز بیگ لاہور سے سندھ کے ضلع سکھر کے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان کے 27 ٹرک روانہ کئے۔ڈپٹی کمشنر لاہور محمد علی اور مخیر حضرات بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اس موقع پر میڈیا سے  گفتگو میں  صوبائی وزیر صنعت و تجارت میا ں اسلم اقبال نے  کہاکہ پنجاب کی عوام نے ہماری ایک آواز پر سندھ کے سیلاب متاثرہ بھائیوں کیلئے یہ سامان بھجوایاہے  اور یہ سکھر کے سیلاب زدگان میں تقسیم کیاجائے گا۔ انہو ں نے کہاکہ سیلاب نے ملک کے طو ل و عرض میں تباہی مچائی ہے، پنجاب حکومت  کے پی کے،بلوچستان،سندھ اور پنجاب کے متاثرہ علاقوں میں امدادی سامان بھجوارہی ہے اور حکومت ان علاقوں میں پیرا میڈیکل سٹاف بھی بھجوا رہی ہے۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت و ہاؤسنگ میاں اسلم اقبال نے کہاکہ بہت جلد فیصل آباد سے 25 ٹرک اور گوجرانوالہ سے امدادی سامان کے 22 ٹرک سندھ کے متاثرہ علاقوں میں بھجوائے جائیں گے۔انہو ں نے کہاکہ آخری سیلاب متاثرہ کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے اور ان کی ہر ضرورت کو پورا کیاجائے گا۔

انہوں نے کہاکہ حکومت اورمخیر حضرات سیلاب زدگان کی مدد میں پیش پیش ہیں،عطیات کی ایک ایک پائی حق داروں تک پہنچائیں گے۔انہو ں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے سیلاب زدگان کی مدد و بحالی کیلئے زبردست ریلیف پیکیج دیاہے اور پنجاب کی کابینہ نے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ سیلاب فنڈ میں جمع کرا دی ہے۔