پشاور، 5ستمبر{اے پی پی}: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان آج ایک روزہ دورہ پر صوابی پہنچ گئے جہاں انہوں نے وومین یونیورسٹی صوابی میں مون سون شجر کاری مہم کے تحت پودے بھی لگائے۔
وزیر اعلیٰ نے وومین یونیورسٹی صوابی میں اکیڈمک بلاک، اور ایڈمنسٹریشن بلاک اور فیکلٹی ہاسٹل کا افتتاح بھی کیا۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے وومین یونیورسٹی صوابی میں تقریب سے خطاب بھی کیا ، اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ایک ارب روپے لاگت سے صوبے کے تمام گریجویٹ ڈگری کالجوں میں تعلیم کارڈ متعارف کر رہے ہیں جس سے 2 لاکھ 44 ہزار طلباء مفت گریجویشن حاصل کر سکیں گے- اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے گدون کو تحصیل کا درجہ دینے کا اعلان بھی کیا، ساتھ ہی تمام یونیورسٹیوں سے درخواست کی کہ سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے عطیات جمع کریں-
بعدازاں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے گجو خان میڈیکل کالج کا بھی دورہ کیا اور گجو خان میڈیکل کالج کی عمارت کا سنگ بنیاد رکھ دیا-
اس موقع پر گجو خان میڈیکل کالج، باچا خان میڈیکل کمپلیکس انتظامیہ نے وزیر اعلیٰ کو بریفننگ دیتے ہوئے بتایا کہ 134 کنال 8 مرلہ رقبے پر مشتمل میڈیکل کالج پر 2.59 بلین روپے لاگت آئے گی، جس پر وزیر اعلیٰ محمود خان نے کالج کی عمارت کی تعمیر جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی، وزیر اعلیٰ نے باچا خان میڈیکل کمپلیکس میں ایمرجنسی اینڈ برن یونٹ کا بھی دورہ کرنے کے بعد کہا کہ صحت اور تعلیم کے لحاظ سے صوابی ترقی کر رہا ہے-
صوبائی وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی ، وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا ، سابقہ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، اور معاون خصوصی برائے صنعت و تجارت عبد الکریم تورڈھیر بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے۔











