لاہور،07 ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی حافظ محمد طاہراشرفی نے کہا ہے کہ ملک کا 70 فیصد حصہ سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے، تمام مکاتب فکر، علماء و مشائخ اور سیاسی قیادت اس مسئلے کے حل کیلئے مل بیٹھیں ۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے بدھ کے روزمسجد مصطفی جوہرٹائون میں عقیدہ ختم نبوتﷺ و ناموس رسالتﷺ کانفرنس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ طاہراشرفی نے کہا کہ اس وقت ملک بدترین بحران سے گزر رہاہے اور سیلاب کی وجہ سے 70فیصد ملک پانی میں ڈوب چکا ہے، ان سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین کو مل کر بیٹھنا ہوگا اور میں صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی سے گزارش کروں گا کہ وہ سیلاب متاثرین کی بحالی اور امداد کے لئے فوری طور پر اجلاس طلب کریں ۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے عوام اورعالم اسلام مدد کریں ۔











