رینالہ خورد،8ستمبر(اےپی پی): اوکاڑہ یونیورسٹی میں یو او اسلامی سوسائٹی کے زیر اہتمام سیرت حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد واجد نے کی۔
سیمینار میں مختلف شعبہ جات کی طالبات نے تلاوت اور نعت پڑھنے کا شرف حاصل کیا۔ اس موقع پر اردو، سرائیکی اور انگلش میں قصدہ بردہ شریف بھی پڑھا گیا۔ طالبات نے سیدہ خاتون جنت رضی اللہ عنہا کی شان بھی احسن طریقے سے بیان کی۔
سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ اس سیمینار سے ہمیں حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کی سیرت مبارکہ سے بہت کچھ سیکھنے کو مل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ان کی تعلیمات اور طرز زندگی سے بہت سے معاملات جیسا کہ بچوں کی تربیت، ازدواجی زندگی، ماں کے کردار، صبر و استقامت، ایثار، صدقہ، جذبہ ہمدردی، رب کی رضا اور حضور اکرم ﷺ سے محبت میں رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد واجد کا مزید کہنا تھا کہ تمام شعبہ جات کو باقاعدگی سے اس طرح کے سیمینار ز کا اہتمام کرنا چاہیے تاکہ برگذیدہ ہستیوں سے نہ صرف ہماری محبت بڑھے بلکہ ہم اپنے طرز زندگی کو بھی اسلامی اصولوں کے مطابق ڈھالنے میں کامیاب ہو سکیں ۔ انہوں نے حضرت علی رضی اللہ تعالی عنہ کی شان میں بھی سیمینار کے اہتمام کی ہدایت کی۔
سیمینار میں طالبات کی ایک بڑی تعداد کے علاوہ شعبہ علوم اسلامیہ سے ڈاکٹر انوار اللہ طیبی، پروفیسر افتخار سیال اور قاری سرفراز علی نے بھی شرکت کی اور شرکاء سے خطاب کیا۔











