ملتان، 11 ستمبر (اے پی پی ): سیلاب زدگان کی امداد کے حوالے سے عطیات جمع کرنے کے لئے نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے ڈاکٹرز اور طلباء وطالبات نے وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد کی خصوصی ہدایت پر آئی سی ایم اے کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب جاب فیئر میں بھرپور انداز میں شرکت کی اور اسٹال لگایا۔
ڈاکٹر غلام مجتبیٰ ناصر اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ کمیونٹی میڈیسن نشتر میڈیکل یونیورسٹی کی زیر قیادت نشتر میڈیکل یونیورسٹی کی ٹیم نے تقریب کے شرکاء کو نشتر میڈیکل یونیورسٹی کی جانب سے سیلاب زدگان کی امداد کے حوالے سے کیے گئے اقدامات بارے آگاہی فراہم کی اور عطیات کی اپیل کی۔
تقریب میں موجود افراد کی راہنمائی اور عطیات وصولی کے لئے رحمت فاؤنڈیشن کے اشتراک سے قائم کردہ بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا جس پر مخیر حضرات نے انکی کاوشوں کو سراہتے ہوئے دل کھول کر عطیات جمع کروائے۔
وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر رانا الطاف احمد ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے نشتر یونیورسٹی کے اسٹال پر تشریف لائے اور ٹیم ممبران کی کاوشوں کو سراہا۔ ڈاکٹر غلام مجتبیٰ ناصر کی زیر قیادت نشتر میڈیکل یونیورسٹی کی ٹیم حنان بھٹہ، راشد منظور، ابوبکر، انس فرید، احسن منیر، فیصل مشرف، نوید اقبال، محمد شہزاد، سعد جہانگیر، دانش علی، حفصہ بلال، فرزانہ، ثانیہ صفدر، نور فاطمہ اور ایشا عباس پر مشتمل تھی۔











