لاہور،18ستمبر ( اے پی پی): وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے تلہ گنگ کے ہسپتال کو اپ گریڈ اور بستروں کی تعداد 100 تک بڑھانے کا اعلان کیا ہے اور کہا کہ تلہ گنگ سمیت پنجاب کے دور دراز علاقوں میں ترقی نظرآئے گی پسماندہ اور نظر انداز کردہ علاقوں کو مساوی ترقی دی جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے ارکان اسمبلی اورٹکٹ ہولڈرز سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ملاقات میں عمومی سیاسی صورتحال اور حلقوں کے مسائل پر گفتگو کی گئی ، ارکان اسمبلی نے سیلاب زدگان کی مدد کے لئے وزیر اعلی چودھری پرویزالٰہی کی قیادت میں پنجاب حکومت کے اقدامات کو سراہا۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے ارکان اسمبلی کی مشاورت سے تشکیل دئیے جائیں گے،پنجاب کے عوام کی سہولت کیلئے میرے سابقہ دور میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے، پہلے بھی عوامی خدمت کا ریکارڈ قائم کیا ،انشاءاللہ اب بھی عوامی خدمت میں کا ریکارڈ قائم کریں گے۔
وزیر اعلی چودھری پرویزالٰہی سے ملاقات کرنے والوں میں ایم این اے سردار ذوالفقار علی خان دولہہ،فوزیہ بہرام،ملک فدا حسین، ضلعی صدر پیر وقار حسین، سرگودھا سے ٹکٹ ہولڈر اسامہ میلہ اور دیگر شامل تھے جبکہ رکن پنجاب اسمبلی حافظ عمار یاسر،راسخ الٰہی، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب محمد خان بھٹی ،سابق صدر بینک آف پنجاب ہمیش خان اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔











