وفاقی اور صوبائی حکومتیں، افواج پاکستان، ادارے، مخیر حضرات اور عوام مل کر سیلاب متاثرین کی مدد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے: گورنر پنجاب

11

لاہور، 21 ستمبر (اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان سے وفاقی وزیر برائے برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے ملاقات کی۔ ملاقات میں تعلیم اور سیلاب کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی  سرکاری و نجی یونیورسٹیاں تمام تر توانائیاں سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے صرف کر رہی ہیں. وفاقی اور صوبائی حکومتیں، افواج پاکستان، ادارے، مخیر حضرات اور عوام مل کر سیلاب متاثرین کی مدد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں. بلیغ الرحمان نے کہا کہ دوست ممالک جس جذبہ خیر سگالی سے سیلاب متاثرین کے لیے امداد بھیج رہے ہیں ان کے بھی شکر گزار ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت سیلاب متاثرین کی مدد کرنا اور انہیں واپس آباد کرنا اولین ترجیح ہے. جامعات میں کنسورشیم بنانے جا رہے ہیں جن کا مقصد اعلی تعلیم اور انڈسٹری کے درمیان روابط قائم کرنا ہے۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے گفتگو کرتے کہا کہ  وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر مرکز میں سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے ایک میکنزم بنایا گیا ہے. اس میکنزم کے تحت سیلاب زدگان کی ضروریات کی نشاندہی کی جائے گی. جامعات اور مخیر حضرات اس سے رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں. گورنر پنجاب نے کہا کہ اس میکنزم کے ذریعے سیلاب زدگان کی منظم طریقے سے مدد کی جا سکے گی۔