لاہور؛ 23 ستمبر( اے پی پی ) صوبائی وزیر تحفظ ماحول راجہ بشارت نے کہا ہے کہ ماحول کے تحفظ کے لئے صنعتکار برادری کا تعاون نہایت اہمیت کا حامل ہے،محکمہ ماحولیات کی کارروائیوں کا مقصد چالان کرنا نہیں ماحول کا بچاؤ ہے، محکمہ تحفظ ماحول کی ٹیموں کے چھاپے ممکنہ سموگ کے تدارک کے لئے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے چوہدری وسیم قادر کی قیادت میں سٹیل ری رولنگ ملز کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات میں سموگ روکنے کے لئے محکمہ ماحولیات اور صنعتکاروں کی مشترکہ سرگرمیوں کا فیصلہ کیا گیا اور وزیر تحفظ ماحول راجہ بشارت نے لاہور میں فوکل پرسنز کی تعیناتی کی منظوری دے دی اور کہا کہ عوام کو مضر صحت ماحول سے بچانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں،محکمہ تحفظ ماحول کی ٹیمیں 11 بجے کے بعد سٹیل ملز کا معائنہ کریں،انہوں نے مزید کہا کہ شمالی لاہور کی چھوٹی انڈسٹری کو جدید ٹیکنالوجی کی طرف منتقل ہونا چاہیے۔