پنجاب میں 23بڑے سرکاری ہسپتال اور 11مدراینڈچائلڈ ہسپتال بنائے جارہے ہیں، ڈاکٹریاسمین راشد

51

لاہور، 26ستمبر(اے پی پی): صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہا کہ پنجاب میں 23بڑے سرکاری ہسپتال اور 11مدراینڈچائلڈ ہسپتال بنائے جارہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے  جناح ہسپتال لاہورمیں نئی اور جدیدایم آرآئی مشین کا پیر کو افتتاح  کرنے کے موقع پر کیا۔اس موقع پرایم ایس جناح ہسپتال لاہور ڈاکٹریحیی سلطان،اعجازگوہر،فیکلٹی ممبران،ڈاکٹرزاورنرسزموجودتھیں۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے ایم آرآئی مشین کی فنکشنگ کے عمل کابھی جائزہ لیا۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہا کہ جناح ہسپتال لاہورمیں ایم آرآئی مشین کے ذریعے آنے والے مریضوں کو بہت سہولت حاصل ہوگی۔ ایم آرآئی مشین کیلئے کاوش کرنے پرتمام متعلقہ افرادکوخراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

ڈاکٹریاسمین راشدنے میڈیانمائندگان کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں ترقیاتی کام مکمل کررہے ہیں اور پنجاب میں 23بڑے سرکاری ہسپتال اور 11مدراینڈچائلڈ ہسپتال بنائے جارہے ہیں اور کہا کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہترکرنے کی کوشش کررہے ہیں، تمام سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی جارہی ہیں۔