نئی نسل کودور حاضر کے تقاضوں کے مطابق ٹیکنالوجی ایجوکیشن سے بہر مندکرنا وقت کی ضرورت ہے: وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی

10

لاہور28ستمبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ہائر ایجوکیشن کمیشن کے سابق چیئرمین ڈاکٹر عطاالرحمان  نے خصوصی شرکت کی۔  اجلاس میں پنجاب میں ہائر ایجوکیشن کے فروغ اوربہتری کے لئے تجاویز کا جائزہ لیا گیا ۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے ہائرایجوکیشن کے معیار دورحاضر کے تقاضوں کے مطابق بہتر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس میں پنجاب میں ہائی ٹیکنالوجی ایجوکیشن کلچر متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ۔  وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ یونیورسٹیز میں انڈسٹریل پراڈکٹ ڈویلپمنٹ کے لئے سپیشلائزڈ ڈسپلن متعارف کرائے جائیں گے۔ گوجرانوالہ، گجرات اورسیالکوٹ کی انڈسٹریل ضروریات کے پیش نظر  علاقے میں انجینئرنگ یونیورسٹی بنائی جائے گی۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ یونیورسٹی آف اپلائیڈ انجینئر نگ اینڈ انجینئر نگ ٹیکنالوجیزکا دنیا کی بہترین سپیشلائزڈ یونیوسٹیز سے الحاق ہوگا۔ اس ضمن میں غیر ملکی ماہرین کی خدمات سے استفادہ کیاجائے گا۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ یونیورسٹی گورننگ باڈی میں متعلقہ شعبے کے فارن ایکسپرٹس شامل ہوں گے۔ نئی نسل کودور حاضر کے تقاضوں کے مطابق ٹیکنالوجی ایجوکیشن سے بہرمندکرنا وقت کی ضرورت ہے۔ صوبائی مشیر عامر سعید راں، سابق پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی پنجاب جی ایم سکندر، یو ای ٹی کے وائس چانسلر سید منصور سرور، ریکٹر پاک آسٹرین ہری پور پروفیسر مجاہد، پروفیسر وقار محمود، سیکرٹریز ہائرایجوکیشن، فنانس،سی اینڈ ڈبلیو اورپلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ نے شرکت کی۔