لاہور، 29 ستمبر(اے پی پی): سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں عشرہ شان رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ وسلم کی تقریبات کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ محکمے کے افسران نے عشرہ شان رحمتہ للعالمین صلی اللہ علیہ وسلم کے حوالے سے ہونے والی تقریبات کے بارے میں بریفنگ دی۔
سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب بھر میں یکم ربیع الاول سے عشرہ شان رحمت للعالمین کی تقریبات کا آغاز ہو گیا ہے۔ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی عشرہ شان رحمت للعالمین پورے مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ کم از کم پنجاب حکومت کا ہر محکمہ ایک ایک تقریب کا اہتمام کرے اور ان تقریبات میں صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی کو بھی مدعو کیا جائے۔ تمام محکمے اس بات کو یقینی بنائیں کہ تقریبات کو مربوط انداز میں منعقد کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عید میلادالنبی کے جلوسوں کے روٹس کو بہتر بنایا جائے۔ سٹریٹ لائٹس کا انتظام کیا جائے اور اگر راستے میں کسی سڑک کی ضرورت ہو تو پیچ ورک بھی کیا جائے۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ عشرہ شان رحمتہ للعالمین صلی اللہ علیہ وسلم کی تقریبات کی سوشل میڈیا پر بھرپور تشہیر کی جائے اور اس مقصد کے لیے محکمہ تعلقات عامہ کے سوشل میڈیا سیل سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔ اجلاس میں متعلقہ سیکرٹریز، ڈی جی پی آر اور افسران نے شرکت کی۔











