لاہور, 29ستمبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے صوبے کے تمام اضلاع کیلئے ریسکیو 1122 موٹر بائیک سروس کاآج افتتاح کر دیا، وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے ریسکیو 1122 موٹر بائیک سروس کے پنجاب کے تمام اضلاع میں افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں عمران خان اورپرویز خٹک کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جو ریسکیو1122کے ادارے کوخیبر پختونخواہ میں لیکر آئے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں آج شکرانے کے نفل ادا اور ایسے مزید ادارے بنانے کی توفیق کی دعا کرکے آیا ہوں۔ صوبے میں ڈرائیونگ لائسنسگ کا فول پروف نظام بنائیں گے اورہمارا یہ لائسنس بیرون ملک بھی کام آئے گا۔لائسنسنگ نظام درست ہونے سے ٹریفک حادثات 50فیصد کم ہوں گے۔مریض کو بروقت ہسپتال پہنچانے کیلئے روڈز پرایمبولینس کیلئے ایکسٹرالین بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج پنجاب بھر میں 1350ریسکیو موٹربائیکس دی جارہی ہیں جبکہ ہر ضلع کو50 ریسکیو موٹربائیک ملے گی۔موٹر بائیک ایمرجنسی سروسز کا رسپانس ٹائم 4 سے 5 منٹ ہوگا۔موٹربائیک کے ذریعے تنگ گلیوں اور دشوار راستوں تک بھی ایمرجنسی سروس ممکن ہوگی۔موٹربائیک ایمرجنسی سروس کو قصبات اورگاؤں تک توسیع دی جائے گی۔ایمبولینس وین کے ساتھ ایک موٹربائیک ایمبولینس بھی ہوگی۔5 نئے اضلاع اور نئی تحصیلوں میں بھی موٹربائیک ایمرجنسی سروس شروع کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے پاک فوج، ایئرفورس اور نیوی کے بعد صرف ریسکیو 1122 نظر آئی اورسیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو1122نے بے پناہ کام کیا۔ غیر ملکی سفیروں نے بھی پنجاب کی ریسکیو ایمرجنسی سروس کی تعریف کی ہے۔امریکی سفیر نے ملاقات میں ریسکیو1122 کیلئے معاونت فراہم کرنے کا کہا۔اقوام متحدہ کی طرف سے پنجاب ریسکیو کے علاوہ کسی بھی اور ادارے کو ایوارڈ نہیں دیا گیا۔ہندوستان بھی مسلمانوں پر حملے کرنے اور میزائل خریدنے کے سوا ایسی سروس شروع نہ کر سکا۔انہوں نے کہاکہ ریسکیوایمرجنسی سروسز کے طفیل اور ان کی دعاؤں سے اللہ تعالیٰ نے 22 سال بعد پھر وزیراعلیٰ بنا دیا۔انہوں نے کہا کہ رسک الاؤنس کا کیس منظور ہو چکا ہے، سب نے کہا اربوں کی بات ہے، میں نے کہا سب ادھر لگا دیں۔آگ بجھاتے اور ڈوبنے سے بچاتے ہوئے ریسکیورز کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔کورونا میں ریسکیو 1122 نے مثالی رسپانس دیا، گھر والے چھوڑ جاتے تھے، ریسکیو والے تجہیز و تدفین کرتے تھے۔انہوں نے کہا کہ یہ نہ صرف پاکستان بلکہ جنوبی ایشیاء کا بہترین ادارہ ہے۔جس پر میں پنجاب ایمرجنسی سروس کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر رضوان نصیرکو مبارکباد دیتا ہوں کیونکہ یہ میرٹ پر کام کرتے ہیں اورکسی کی سفارش نہیں مانتے۔قبل ازیں وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے موٹربائیک ایمرجنسی سروسز کی فراہمی کیلئے فرسٹ ایڈ اورجان بچانے والے آلات کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے ننکانہ، شیخوپورہ اور دیگر اضلاع کے ایمرجنسی افسروں کو موٹربائیکس کی چابیاں دیں۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے ریسکیو موٹر بائیک سروس کے دستوں کو اضلاع کیلئے روانہ کیا۔











