علمائے کرام امن و سلامتی کی فضا برقرار رکھنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں؛ ڈپٹی کمشنرکیپٹن(ر)شعیب علی

10

نارووال،05 اکتوبر( اے  پی پی):  ڈپٹی کمشنرکیپٹن(ر)شعیب علی  نے کہا ہے کہ علمائے کرام عوام میں ہم آہنگی، محبت و اخوت اور برداشت کو فروغ دے کر امن و سلامتی کی فضا برقرار رکھنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں ،ملک کو انتشار نہیں بلکہ ہم آہنگی کی ضرورت ہے، ماہ ربیع الاول میں امن و امان کی فضا بر قرار رکھنے کیلئے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام تعاون کریں۔

ان خیالات کااظہارڈپٹی کمشنر نارووال کیپٹن(ر)شعیب علی نے ڈی پی اوکیپٹن(ر)واحدمحمودکے ہمراہ12ربیع الاول عیدمیلادالنبیﷺ  کی موقع پر نکلنے والےجلوسوں کےمنتظمین کے ساتھ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں عیدمیلادالنبی صلی اللہ علیہ وسلم کے بابرکت موقع پر ضلع بھر کے مختلف مقامات سے نکلنے والے جلوسوں اورمحافل کے پر امن انعقاد کی بابت تمام تر انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او   کی جانب سے اجلاس کے منتظمین کو میلادالنبیﷺ کے بابرکت موقع پر عوام الناس کو سیرت طیبہﷺ کے مطابق برداشت،صبروتحمل،ایک دوسرے کے احترام اور باہمی ہم اہنگی پیدا کرنے کا درس دینے کی تلقین کی گئی۔

ڈی پی او کیپٹن(ر)واحدمحمودنے اس موقع پر کہاکہ علمائے کرام اور مشائخ عظام  ہمیشہ محبت اور بھائی چارے کا پیغام دیتے ہیں اوریہی جذبہ ربیع الاول کے دوران بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام مل کر اپنے اندر اتفاق ،اتحاد و بھائی چارے کی فضاءکو قائم رکھیں اور برداشت اور رواداری کی مثبت سوچ کو فروغ دیں۔ ہم سب نے مل کر ضلع کے امن کو قائم رکھنا ہے۔

ڈی سی نارووال اورڈی پی او نارووال نے اجلاس میں علمائے کرام کو باور کروایا کہ موجودہ ملکی حالات کے پیش نظر اتحاد بین المسلمین اورمذہبی ہم آہنگی کی اس وقت شدید ضرورت ہے کیونکہ ہمارے ملک و قوم کے اندرونی و بیرونی دشمن عناصر اپنے مذموم عزائم اور سازشوں کے ذریعے انتشار پھیلانا چاہتے ہیں، جسے ہم سب نے مل کر ناکام بنانا ہےلہذاجلوسوں کے منتظمین روایتی روٹس اور وقت کی پابندی کو یقینی بنائیں۔

اس موقع پر منتظمین جلوس کےنمائندوں  نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور گزارشات پیش کیں۔ڈپٹی کمشنر نے منتظمین کی طرف سے پیش کئے جانے والی تجاویز اور مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی۔اجلاس میں علمائے کرام نے اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع میں امن و امان کو فروغ دینے کے لئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ باہمی کوارڈینیشن کے ذریعے مثبت سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔اجلاس کے اختتام پرملکی ترقی وخوشحالی کے لیے خصوصی دعاکی گئی۔