سرور دو عالم ﷺ کے عظیم پیغام کو صحیح معنوں میں عام کرنا ہوگا؛راجہ بشارت

25

لاہور،5اکتوبر  (اے پی پی):صوبائی وزیر تحفظ ماحول، کوآپریٹوز و پارلیمانی امور محمد بشارت راجہ نے معاشرے میں ہم آہنگی اور رواداری کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ سرور دو عالم ﷺۖ کے عظیم پیغام کو صحیح معنوں میں عام کرنا ہوگا۔

 بدھ کو یہاں  الحمرا ہال لاہور میں محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور پنجاب کے زیراہتمام شان رحمۃ اللعالمین ۖﷺتقریبات کے سلسلے میں بین المذاہب رحمۃ اللعالمین کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے  صوبائی وزیر محمد بشارت راجہ نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ بین المذاہب رحمۃ اللعالمین ﷺکانفرنس میں شریک مختلف مذاہب کے علما نے اپنی تقریروں میں معاشرے میں رواداری اور ہم آہنگی کے فروغ پر زور دیا۔ سچی بات تو یہ ہے کہ ملکی اور بین الاقوامی حالات کے تناظر میں ہمیں بین العقائد ہم آہنگی کی شدید ضرورت ہے۔ انہوں نے حضور اکرمﷺ ۖ کی حیات طیبہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جب کوئی ریاست مدینہ کی تقلید کرنے کی بات کرتا ہے تو اس کا مقصد سیاسی نہیں ہوتا بلکہ وہ یہ چاہتا ہے کہ پاکستانی معاشرے میں بھی ریاست مدینہ کی طرز پر سماجی انصاف کو فروغ حاصل ہو اور انسانی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

 راجہ بشارت جو شان رحمة اللعالمینﷺ تقریبات کمیٹی کے چیئرمین بھی ہیں ، نے کہا کہ پنجاب حکومت کے زیراہتمام ربیع الاوّل میں ”شان رحمة لّلعالمین ۖ” تقریبات صوبہ بھر میں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الہی کی ہدایت پر پنجاب بھر کی پبلک یونیورسٹیوں میں ‘سیرت چیئر’ کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ انہوں نے تقریب کی مناسبت سے تمام مکاتب فکر کے مذہبی رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کو ہر لحاظ سے مثالی معاشرہ بنانے کے لئے اپنا کلیدی کردار ادا کرتے رہیں۔

تقریب سے سیکرٹری ہیومن رائٹس پنجاب مسعود مختار، سیکرٹری اوقاف میاں ابرار احمد، ڈی جی اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری، چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد، ممبر اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر محمد حسین اکبر، پارلیمانی سیکرٹری مہندر پال سنگھ، پروفیسر ڈاکٹر کلیان سنگھ کلیان اور پاسٹر مجید ایبل نے بھی خطاب کیا۔