اٹک،06 اکتوبر (اے پی پی): کمشنر راولپنڈی ڈویژن ثاقب منان نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب انتظامی معاملات کی بہتری کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار اٹک کے دورے کے موقع پر کیا۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر اٹک ڈاکٹر حسن وقار چیمہ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اعتزاز اسلم مارتھ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ذوالفقار احمد ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ وقار اکبر چیمہ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
دورے کے آغاز پر کمشنر راولپنڈی نے ڈی سی آفس میں شجرکاری مہم کے سلسلے میں پودا لگایا اور بعد ازاں ضلع بھر کے محکموں کے افسران کے اجلاس کی صدارت کی۔ڈپٹی کمشنر اٹک نے کمشنر راولپنڈی کو ضلع اٹک کی تاریخ کے بارے میں بریفنگ دی۔
ترقیاتی کاموں کے حوالے سے کمشنر راولپنڈی کو بتایا گیا کہ ضلع بھر میں اس وقت سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 80 سکیموں پر کام ہو رہا ہے۔جن پر 23808.368ملین روپے لاگت آئے گی۔ان سکیموں میں ہائی وے کی 26 سکیموں پر 1011ملین،بلڈنگ کی 22سکیموں پر 2487.363 ملین،پبلک ہیلتھ کی 7 سکیموں پر 1340 ملین،سمال ڈیمز کی 3 سکیموں پر 1868ملین، سپورٹس کی دو سکیموں پر 189ملین،آٸی ڈیپ کی ایک سکیم پر 5320ملین روپے لاگت آۓ گی۔
اجلاس میں کمشنر راولپنڈی کو ڈینگی، کورونا، پولیو اور دیگر اہم موضوعات پر بریفنگ دی گئی۔کمشنر راولپنڈی نے دورے کے دوران حاجی شاہ روڈ کی تعمیر کا معاٸنہ کیا اس موقع پر محکمہ ہائی وے کے افسران نے بتایا کہ اس سڑک کی لمباٸی 9.80کلومیڑ جس پر 986.693 ملین روپے لاگت آئے گی اور یہ دسمبر 2023میں مکمل ہوگی۔
کمشنر راولپنڈی ثاقب منان نے مدر اینڈ چائلڈ کیئر ہسپتال کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر انہیں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ یہ ہسپتال75 کنال پر مشتمل ہے جس پر 5320ملین روپےلاگت آئے گی۔دورے کے دوران کمشنر راولپنڈی نے گورنمنٹ اسفندیار بخاری ڈسٹرک اسپتال اور جناح پارک کا بھی دورہ کیا اور متعلقہ افسران نے انہیں بریفنگ دی۔











