مظفرگڑھ،07 اکتوبر(اے پی پی):جشن عید میلاد النبیؐ کے موقع پر 12 ربیع الاول کے حوالے سے ریسکیو1122 کا ایمرجنسی پلان تیار،ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ڈاکٹر حسین میاں نے 12 ربیع الاول جشن عید میلادالنبیؐ کے موقع پر ریسکیو1122 کی جانب سے لئیے جانیوالے اقدامات کے حوالہ سے بتایا کہ ضلع بھر میں برآمد ہونیوالے تمام بڑے جلوسوں کے روٹس وزٹ کر لئیے گئے ہیں اور اس حوالہ سے ایمرجنسی پلان بھی تشکیل دے دیا گیا ہے۔
انہوں نے اس بارے میں تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ جشن عید میلادالنبیؐ کے موقع پر عاشقان رسول صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی کثیر تعداد جلوسوں میں شرکت کرتی ہے اور اسی بات کے پیش نظر ہم نے زیادہ سے زیادہ ریسورسز کا استعمال کرتے ہوئے یہ ایمرجنسی پلان مرتب کیاہے، جس میں 150 سے زائد ریسکیورز پر مبنی ایمرجنسی رسپانس ٹیمز، 18 موٹر بائیک،ریسکیو ایمبولینسز، 08 ایمبولینسز، 05 فائر وہیکلز اور 01 ریسکیو وہیکل جلوسوں کے ساتھ ایمرجنسی کوور کے لئیے تعینات کئیے گئے ہیں، تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال کے پیشِ نظر بروقت رسپانس کو یقینی بنایا جا سکے ۔
انہوں نے میڈیا کے توسط سے عوام کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ موبائل سروسز منقطع ہونے کی صورت میں آپ اپنی ایمرجنسی کی اطلاع بذریعہ لینڈ لائن ریسکیو1122 کنٹرول روم کو ان نمبرز پر (0669200348)(0669200349) دے سکتے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ انشاء اللہ ہم جشن عیدمیلادالنبی کے موقع پر بہترین انداز میں سروسز کی منتقلی کو یقینی بنائیں گے۔











