اوکاڑہ،7اکتوبر(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا اور قاضی محمد اسلم اوکاڑوی نے ضلع کونسل کی جامعہ مسجد کی تزئین و آرائش کے کام کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر قاضی محمد اسلم اوکاڑوی نے کہا کہ ضلع کونسل کی مسجد کی تزئین و آرائش کی سعادت ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا اور سی او ضلع کونسل محمد شہزاد قریشی کے حصہ میں آئی جس کے لئے یہ مبارکباد کے مستحق ہیں، اللہ تعالیٰ اپنے نیک بندوں سے اپنے گھر کی خدمت اور لوگوں کی فلاح کا کام لیتاہے۔
ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ مساجد کی تعمیر اور اس کی تزئین و آرائش کے لئے کسی شخص یا ادارہ کا آگے بڑھ کر کام کرنا اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور اس کی رحمت سے ممکن ہے۔انہوں نے ضلع کونسل کی مسجد کی تزین و آرائش کے کام کی تکمیل پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے گھر کی تعمیر و مرمت اور آرائش کے لئے فوری اقدامات کیا جانا میرے لئے سعادت اور خوش نصیبی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نمازیوں کے لئے مسجد میں پر سکون اور خوشگوار ماحول کو یقینی بنایا گیا ہے۔











