ملتان ؛ کمشنر عامر خٹک نے  ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے محکوموں کو الٹی میٹم دے دیا

10

ملتان، 08 اکتوبر (اے پی پی ):کمشنر ملتان ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کیلئے محکوموں کو الٹی میٹم دے دیا۔انہوں نے فنڈز کے باوجود منظور شدہ سکیمین زیر التواء ہونے پر اظہار برہمی کیا خصوصاً کارڈیالوجی ہسپتال کے توسیعی بلاک کی تکمیل میں تاخیر پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ایکسین بلڈنگ کو متعلقہ ٹھیکدار کو بلیک لسٹ کرنے بارے خط لکھنے کی ہدایت کی ۔

  کمشنر عامر خٹک کی زیر صدارت  سالانہ ترقیاتی سکیموں بارے جائزہ اجلاس ہوا۔کمشنر نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو سکیموں کی کوالٹی انسپکشن کا ٹاسک سونپتے ہوئے کہا کہ ناقص کام کی صورت میں اینٹی کرپشن ٹیکنیل ٹیم سے جانچ کروائی جائے گی۔ سست روی کا شکار ترقیاتی سکیموں پر سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ ناقص کارکردگی دکھانے والے افسران کیخلاف مجاز اتھارٹی کو لکھیں۔

  کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ حکومت پنجاب ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت سختی سے مانیٹر کر رہی ہے، وزیراعلی پنجاب کی ملتان ڈویژن کے انفراسٹرکچر کی بہتری پر ذاتی نظر ہے،تمام سکیموں کا 1 فیصد ہارٹیکلچر کیلئے خرچ کیا جائے،  سیوریج سسٹم کی بہتری کیلئے ترجیحی فنڈز جاری کئے گئے ہیں۔

 ڈویژن کے ڈپٹی کمشنرز، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ روبینہ کوثر اور ترقیاتی محکموں کے سربراہان کی جانب سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 543 ترقیاتی سکیموں کیلئے 22604 ملین روپے کے فنڈز جاری کئے گئے ہیں جس میں 25 فیصد خرچ کئے گئے ہیں،کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر پر 85 فیصد کام مکمل کیا جاچکا ہے،مدر اینڈ چائلڈ کئیر، نشتر 2 پر کام تیزی سے جاری ہے۔

 اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر رانا اخلاق، قومی ترقی کے مختلف محکموں کے افسران موجود تھے۔