نبی اکرم ﷺ کی حیات مبارکہ ہمارے لئے زندگی گزارنے کا بہترین طریقہ ہے؛ ایم پی  اے محمد ندیم قریشی

11

ملتان، 8اکتوبر (اے پی پی ): رکن صوبائی اسمبلی محمد ندیم قریشی نے کہا ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات مبارکہ ہمارے لئے زندگی گزارنے کا بہترین طریقہ ہے۔

انہوں نے یہ بات ملتان آرٹس کونسل کے زیراہتمام محفل سماع کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب سے خطاب میں ڈائریکٹر ملتان آرٹس کونسل سلیم قیصر کا کہنا تھا کہ حضرت خواجہ نظام الدین اولیاء رحمتہ اللہ علیہ کے زمانے میں قوالی کی صنف ایجاد ہوئی اور اس کے بعد قوالی کی مقبولیت میں اضافہ ہوتا چلا گیا۔

 اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر زاہد اقبال نے کہا کہ ملتان آرٹس کونسل نے عشرہ شان رحمت اللعالمینﷺ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا ہے۔ ملتان آرٹس کونسل نے خطاطی، کوئز، حسن قرات اور نعت کے مقابلہ جات کرائے جبکہ محفل میلاد خطاطی نمائش اور محفل سماع کا بھی انعقاد کیا گیا۔

 محفل سماع میں شہرہ آفاق قوال عزیز میاں کے صاحبزادے جنید عزیز میاں نے قوالی پیش کرکے سماں باندھ دیا۔  انہوں نے اپنے والد کے انداز میں قوالی پیش کی تو حاضرین نے اسے خوب سراہا۔

 آرٹس کونسل نے عشرہ شان رحمت اللعالمین کے سلسلے میں چراغاں کا بھی اہتمام کیا ہے اور عمارت کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔