اوکاڑہ،8اکتوبر(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ عشرہ رحمت اللعالمینﷺ کا صوبہ کی سطح پر منایا جانا حضور اکرم ﷺ کی ذات اقدس سے والہانہ عشق اور محبت کی نشانی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ مسجد عثمانیہ گول چوک میں سیرت کانفرنس اور محفل میلاد میں شرکت کے موقع پر حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و ٹکٹ ہولڈر چوہدری سلیم صادق بھی شریک تھے ۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ خطیب قاری سعید عثمانی،قاضی محمد اسلم اوکاڑوی سمیت علماءومشائخ نے حضور اکرم ﷺ کی سیرت طیبہ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ ہمارے لئے یہ سعادت کی بات ہے کہ ہم حضور ﷺ کے جشن ولادت عید میلاد النبی ﷺکی با برکت محفلوں میں شریک ہو رہے ہیں، ضلع کی سطح پر سرکاری اداروں کے ساتھ ساتھ ضلع اور تحصیل کی سطح پر سیر ت کانفرنسوں اور میلاد کی محفلوں کے انعقاد کا تسلسل حضور ﷺ کی بارگاہ سے فیض حاصل کرنے کا ذریعہ ہے۔انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ سے محبت اور عقیدت ہر مسلمان کے لئے قیمتی ترین اثاثہ ہے حضور ﷺ کی محبت اور ان کی ذات اقدس سے عشق ہر شعبہ میں کامیابی کے لئے ضروری ہے۔
بعد ازاں محفل میلاد اور وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی اور امت مسلمہ کے اتفاق و اتحاد کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔











