عشرہ شان رحمت اللعالمین ﷺ؛اوکاڑہ میں تقریری مقابلہ بعنوان” حضرت محمد ﷺ بطور محسن انسانیت” کا اہتمام

27

اوکاڑہ،8اکتوبر(اے پی پی ):عشرہ شان رحمت اللعالمین ﷺ تقریبات کے سلسلے میں انٹر ڈی پی ایس طالبات تقریری مقابلے کابعنوان” حضرت محمد ﷺ بطور محسن انسانیت” ڈسٹرکٹ پبلک سکول اینڈ کالج دیپال پورمیں  اہتمام کیا گیا۔تقریب میں ضلع اوکاڑہ کےتمام کیمپس کی طالبات نے شرکت کی۔

تقریب میں مہمان خصوصی سید زاہدحسین گیلانی صدر بزم غلامان مصطفیٰ / سابق ضلعی چیئرمین عشر وزکوة کمیٹی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عشقِ رسول ﷺ کے بغیرایمان نامکمل ہے، طلباوطالبات اسوہ حسنہ کی پیروی کرکے زندگی میں فلاح پا سکتے ہیں۔

 تقریب میں کنٹرولر امتحانات ڈی پی ایس نبیل مسعود کیانی نے بھی خطاب کیا۔تقریری مقابلے میں پہلی پوزیشن ڈی پی ایس دیپال پور کی طالبہ طیبہ افضال نے جبکہ دوسری پوزیشن ڈی پی ایس رینالہ خورد کی طالبہ رداغفور اور تیسری پوزیشن ڈی پی ایس منڈی احمد آباد کی طالبہ سندس عارف نے حاصل کی۔

تقریب کے اختتام پہ تمام شرکاء کو تعریفی اسناد دی گئیں۔ سید زاہد حسین گیلانی نے پرنسپل سکول ہذا شازیہ خضر کے ہمراہ سرٹیفکیٹس اور شیلڈ کامیاب طالبات کو دیں۔تقریری مقابلے میں ججز کےفرائض پروفیسر ڈاکٹر محمد (گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج دیپالپور) اور پروفیسر ریاض احمد بزمی پی ایچ ڈی سکالر (گورنمنٹ ایسوسی ایٹ کالج دیپال پور) نے ادا کیے ۔