اسلام آباد،10اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ نواز شریف کو باربار روکا گیا مگروہ عوامی حمایت اورطاقت سے بار بار منتخب ہوجاتے ہیں، نواز شریف نے جو سوالات اٹھائے ہیں ان کے جوابات انہیں ملنا چاہئیں، اگر کسی صوبے کے وسائل کے بل بوتے پر کوئی مرکز پر حملہ آور ہوکر اپنے من پسند فیصلے لینا چاہتا ہے تو وہ جان لے کے ہم ریاست پرکوئی آنچ نہیں آنے دیں گے ۔
پیرکو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو ڈکٹیشن لینے سے انکار کرنے پر ہٹایا گیا،سوال یہ ہے کہ نواز شریف کے خلاف کون سازشیں کرتا رہا،نواز شریف نے جو سوالات اٹھائے ہیں انہیں ان کے جواب ملنا چاہئیں،2013 میں جب چین پاکستان کو اقتصادی راہداری کا منصوبہ دے رہا تھا تواس وقت سازش کس نے کی تھی اور نواز شریف کے پھلتے پھولتے پاکستان اورخوشحالی میں رکاوٹ کس نے ڈالی تھی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان کی آنے والی نسلوں کی خوشحالی میں رکاوٹیں ڈالیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں جب لوگ غلطیاں کرتے ہیں اوربعد میں جب ان کا اعتراف کرلیتے ہیں تو وہ بہادر لوگ ہوتے ہیں، نواز شریف ریاست کو آگے لے جانے کی بات کرتے ہیں جسے این آر او کا نام دیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف جب دوتہائی اکثریت سے برسراقتدار آئے تو انہیں چلنے نہ دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات درست نہیں کہ نواز شریف کو باربار لایا جاتا ہے بلکہ حقیقت یہ ہے کہ نواز شریف کو بار بار روکاجاتا ہے مگروہ عوامی حمایت اورطاقت سے بار بار منتخب ہوجاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جو سمجھتا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت کے بل بوتے پر اسلام آباد پر یلغارکرکے من پسند فیصلے لے کراٹھے گا تو اسے یہ جان لینا چاہئے کہ ریاست اتنی کمزور نہیں ہوتی جنہوں نے ریاست کےلئے اتنی مصیبتیں جھیلی ہیں وہ اس کو اکیلا نہیں چھوڑیں گےاور کہا کہ پی ڈی ایم کوئی انتخابی اتحاد نہیں ہے یہ مختلف جماعتوں پرمشتمل قومی حکومت ہے جو ریاست کو بچانے کےلئے آگے آئی ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بنانے کےلئے قربانیاں اس لئے نہیں دی گئیں کہ بار بار اس کی سلامتی سے کھیلا جائے ،ریاست پر ہم کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔











