انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ ذہنی امراض میں مبتلامریضوں  کیلئے جدید ترین ہسپتال ہے ؛ ڈاکٹر یاسمین راشد

10

لاہور، 10اکتوبر( اے پی پی ): صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ 10اکتوبرکادن پوری دنیا میں ذہنی امراض میں مبتلامریضوں کی تشخیص اور علاج معالجہ بارے معاشرے میں آگاہی پھیلانے کیلئے منایاجاتاہے، انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ میں الزائمرز اور ڈائمنشیاء کے مریضوں کی سہولت کیلئے اسٹیٹ آف دی آرٹ میموری سنٹر قائم کررہے ہیں۔

ان خیالات کااظہار پیرکو یہاں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے ذہنی امراض کے عالمی دن کی مناسبت سے انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ میں منعقدہ تقریب میں بطورمہمان خصوصی شرکت  کرتے ہوئے کیا۔انہوں  نے انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ میں اسٹیٹ آف دی آرٹ باورچی خانہ کابھی افتتاح کیا۔ اس موقع پر ذہنی امراض میں مبتلامریضوں نے پینٹنگزکے خوبصورت سٹالزبھی لگائے۔

صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے اس موقع پر ذہنی امراض کے عالمی دن کی مناسبت سے واک کی قیادت بھی کی۔ صوبائی  وزیر نے کہا کہ  انسان کی جسمانی صحت کے ساتھ ساتھ ذہنی صحت بھی اتنی ہی اہم ہوتی ہے ، اگرکوئی ذہنی مرض کا شکارہوجائے تواس کے گھروالے انتہائی تکلیف دہ عمل سے گزرتے ہیں، ایک نارمل انسان ہرقسم کی بیماری سے لڑسکتاہے۔انہوں نے کہا کہ  ذہنی امراض میں مبتلامریضوں کو عام مریض سے کہیں زیادہ توجہ کی ضرورت ہوتی ہے۔

ڈاکٹریاسمین راشدنے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کوری ویمپ کیاجارہاہے، ذہنی امراض میں مبتلامریضوں کی قوت مدافعت بھی کم ہوجاتی ہے۔انہوں نے  کہا کہ ذہنی مریض کے والدین اپنے بچے کو دیکھ دیکھ کر روزانہ مرتے ہیں،ڈپریشن کاشکارافرادایک نارمل زندگی نہیں گزارسکتے۔

صوبائی  وزیر  نے کہا کہ آج انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ میں اسٹیٹ آف دی آرٹ باورچی خانہ دیکھ کردل باغ باغ ہوگیاہے، انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ میں بہترین باورچی خانہ کے ذریعے روزانہ گیارہ سوسے زائد مریضوں کو تین وقت معیاری اور صاف ستھرا کھانامہیاکیاجائے گا۔

اس موقع پر ایگزیکٹوڈائریکٹر ڈاکٹرمحسن شوکت،پروفیسرآف سائیکیٹری پروفیسرعلی ہاشمی،ڈاکٹرعظیم الدین،فیکلٹی ممبران،ڈاکٹرز،نرسزاور مریضوں کی کثیرتعدادنے شرکت کی۔