وہاڑی؛ جعلی کھادیں اورزرعی ادویات تیار کرنے والی فیکٹری پکڑ لی  گئی  

28

 وہاڑی،10 اکتوبر(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک کی ہدایات کی روشنی میں محکمہ زراعت نے کسانوں اور کاشتکاروں کی فصلوں کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے والے زراعت دشمنوں، سنچانوالہ موڑ کے قریب فیکٹری پر چھاپہ مار کر بہت بڑی مقدار میں تیار شدہ جعلی کھادیں اور جعلی زرعی ادویات پکڑ لی ہیں، ملزمان جعلی کھادیں اور جعلی زرعی ادویات تیار کرکے معروف برانڈز کے تھیلوں اور بوتلوں میں بھر کر مارکیٹ میں سپلائی کرتے تھے۔

محکمہ زراعت نے چھاپہ مار کر جعلی کھادوں کے ساتھ ان کی تیاری میں استعمال ہونے والے کیمیکلز اور زرعی ادویات، کھادیں تیار کرنے والی مشینری بھی پکڑی گئی ہے جبکہ معروف برانڈز کی زرعی ادویات کی خالی بوتلیں کینز اور کھادوں کے تھیلے بھی بھاری مقدار میں برآمد ہوئے ہیں۔

 ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع رانا محمد عارف نے بتایا کہ عمارت کے مالکان نے بطور سٹور کرایہ پر دے رکھا تھا، کرایہ دار مکروہ دھندہ کررہے تھے، کرایہ دار ملزمان موقع سے فرار ہوگئے ہیں جبکہ منیجر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرائے جارہے ہیں اور زراعت دشمن مافیا کو معاف نہیں کیا جاسکتا ۔