لاہور،13 اکتوبر( اے پی پی ): وزیر پارلیمانی امور راجہ بشارت کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے امور قانون سازی کا اجلاس ہوا ۔اجلاس میں پنجاب میں نئے تعلیمی سال سے یکساں نصاب کے دوسرے مرحلے کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا،چھٹی سے آٹھویں جماعت کی 7 کتابوں کا نصاب یکساں بنایا جائے گا۔اردو، انگلش، ریاضی، ہسٹری، جغرافیہ، جنرل سائنس اور کمپیوٹر سائنس کا نصاب ایک ہوگا۔
اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر پارلیمانی امور راجہ بشارت نے کہا کہ نئے تعلیمی نصاب میں سیرت نبی ﷺ کے اسباق کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا،فیصلے سے تمام طالبعلموں کا بلاتفریق ایک نصاب پڑھنے کا موقع ملے گا۔
کمیٹی نے پنجاب ریونیو اتھارٹی کی آٹومیشن کے معاہدے کی تجدید کی بھی منظوری دے دی اور سٹیٹ بینک کے ساتھ راست پیمنٹ گیٹ وے کے ایم او یو کی بھی منظوری دی گئی ۔پنجاب سروسز سیلز ٹیکس ایکٹ میں ترامیم کی بھی منظوری دے دی گئی سرگودھا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے دائرہ کار کے شہری علاقوں کا بھی تعین کر دیا گیا۔
وزیر قانون خرم شہزاد ورک، وزیر مواصلات علی افضل ساہی نے بھی اجلاس میں شرکت کی ۔











