لاہور، 13اکتوبر(اے پی پی): گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے وزیر اعظم پاکستان محمد شہبازشریف کی ہدایت پر پنجاب کی یونیورسٹیوں میں زیرتعلیم بلوچ طلبہ کی فیسوں کی ادائیگی کے مسلٔے کے حوالے سے بطور چانسلر گورنر ہائوس لاہور میں اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین،وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ (بذریعہ وڈیو لنک)، وفاقی سیکرٹری تعلیم عامر اشرف خواجہ،سینیٹر یعقوب ناصر،سینیٹر ہمایوں کرد، سینیٹر لشکری رئیسانی ،وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور ڈاکٹر اطہر محبوب نے شرکت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ 2013 میں مسلم لیگ (ن)کے دور حکومت میں پنجاب کی مختلف جامعات میں زیر تعلیم بلوچ طلبہ کو تعلیمی پیکج کے تحت فلی فنڈڈ سکالر شپس دیئے گئے جس سے ایم فل اور پی ایچ ڈی کرنے والے بلوچ طلبہ کی تعداد میں تقریبا دو گنا اضافہ ہوا تھا۔ تاہم حال ہی میں پنجاب حکومت کی طرف سے طلبہ کی 50 فیصد فیس کی ادائیگی بند ہونے کی وجہ سے بلوچ طلبہ احتجاج کر رہے تھے۔ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے مسلٔے کے حل کی فوری ہدایت کی ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ طلبہ ہمارا سرمایہ ہیں انہیں سڑکوں پراحتجاج کرنے کی بجائے تعلیمی اداروں میں ہونا چاہیے۔ گورنر پنجاب کی صدارت میں ہونے والی میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب کی یونیورسٹیوں میں پڑھنے والے بلوچ طلبہ کی فیسوں اور ہاسٹل میں رہائش کے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے گا ۔ اس حوالے سے وفاقی وزارت تعلیم طلبہ کی فیسوں کی ادائیگی کے لیے فنڈز مہیا کرے گی اور طلبہ کو ہوسٹلوں میں بھی بغیر کسی امتیاز کے میرٹ اور پالیسی کے مطابق الاٹمنٹس کی جائیں گی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ وہ جلد بلوچ طلبہ کے وفد سے ملاقات کر کے مسائل کے مستقل حل کا لائحہ عمل تیار کریں گے.











