ملتان، 14 اکتوبر (اے پی پی ): جدید ترین آسٹروٹرف ہاکی سٹیڈیم متی پر بین الاقومی ویمنز کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیموں کے مابین نمائشی ہاکی میچ کھیلا جائے گا، پاکستان کی سٹار کھلاڑی بھی شرکت کریں گی،یہ میچ ملتان ڈویژنل انتظامیہ اور ملتان ریجن ہاکی ایسوسی ایشن کے اشتراک سے کھیلا جائے گا۔
اس حوالے سے ملتان ریجن ویمنز ہاکی ایسوسی ایشن کی صدر سبین گل اور جنرل سیکرٹری پروفیسر عابدہ رضوی کے درمیان جمعرات کی شب کو سپورٹس کمپلیکس ملتان کے ہاکی سٹیڈیم میں ایک فلڈ لائٹ ہاکی میچ کے موقع پر ملاقات ہوئی تو کمشنر ملتان انجینئر عامر خٹک نے سٹار ویمنز کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیموں کے مابین ہاکی میچ ملتان کے پہلے جدید ترین آسٹروٹرف ہاکی میدان پر کروانے کے پیشکش کردی ۔
کمشنر ملتان جو کہ خود بھی فلڈ لائٹ ہاکی ٹورنامنٹ کے میچ میں ملتان سلطان کی طرف سے کھیل رہے تھے،ایم پی اے سبین گل اور پروفیسر عابدہ رضوی اس میچ کی مہمانان خصوصی تھیں۔
کھلاڑیوں کے ساتھ مہمانان خصوصی کے تعارفی سیشن کے دوران سبین گل اور پروفیسر عابدہ رضوی نے کمشنر ملتان انجینئر عامر خٹک کی قومی کھیل کیلئے خدمات کو سراہا اور ملتان ریجن کی ویمنز ٹیم کا نمائشی میچ پاکستان کی سٹار ویمنز کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کے ساتھ کروانے کے پروگرام بارے بتایا تو انجینئر عامر خٹک نے یہ میچ ملتان آسٹروٹرف ہاکی سٹیڈیم میں کروانے کی پیشکش کی اور ملتان ریجن ہاکی ایسوسی ایشن کی مرکزی قیادت کو مزید بتایا کہ ملتان کے پہلے جدید ترین آسٹروٹرف ہاکی میدان متی تل پر مینز ٹیموں کے مابین نمائشی ہاکی میچ کھیلا جا چکا ہے، جس میں پاکستان کے اولمپئنز کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی تھی۔
کمشنر ملتان نے مزید کہا کہ اب ملتان میں جدید ہاکی میدان متی تل پر فنکشنل ہو چکا ہے، اب آپ ویمنز ہاکی ٹیموں کے مابین میچ کروائیں تاکہ ملتان ریجن کی ویمنز کھلاڑیوں کو بھی اپنے ہوم سٹی میں جدید ترین ہاکی میدان پر کھیلنے کا موقع میسر آسکے۔
اس موقع پر سبین گل اور پروفیسر عابدہ رضوی نے میڈیا کو بتایا کہ ملتان ریجن ویمنز ٹیم کا میچ پاکستان ویمنز کی سٹارز کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کے ساتھ نمائشی میچ کی ختمی تاریخ اور حصہ لینے والی کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔











