ملتان ،14اکتوبر(اے پی پی ): سی ای او ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی محمدفاروق ڈوگر نے کہا ہے کہ نئی لینڈ فل سائیٹ کے لئے250 ایکڑ اراضی تلاش کی جارہی ہے، ایشن ڈویلمنٹ بینک کے ساتھ مل کر زمین کی تلاش کے لئے سروے جاری ہے۔
یہ بات انہوں نے صبح سویرے صفائی کا جائزہ لینے کے لئے شہر کے دورے کے موقع پر شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ سی ای او ملتان نے بتایا کہ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نے نئی لینڈ فل سائیٹ کے لئے احکامات جاری کئے ہیں جس کی خریداری کے لئے فنڈز ایشین ڈویلپمنٹ بنک حکومت کو فراہم کرے گا۔ سی ای او ملتان نے کہا کہ اراضی کے انتخاب بارے سفارشات جلد حکومت پنجاب کو ارسال کردی جائیں گی۔
محمدفاروق ڈوگر نے بتایا نے کہا کہ مستقبل کی 40 سالہ ضروریات کو مدنظر رکھ کر نئی لینڈ فل سائیٹ کا تعین کیا جائےگا ، لینڈ فل سائیٹ پر ویسٹ ٹو انرجی کے تحت بجلی پیدا کرنے کا پلانٹ بھی لگایا جائے گا اور ماحولیاتی آلودگی روکنے کے لئے تمام ایس او پیز پر عمل کیا جائے گا۔
محمدفاروق ڈوگر نے باوا صفرا، رشید آباد ،چوک کمہارانوالہ اور حسن آباد کا دورہ کیا،صفائی کا جائزہ لیا اور احکامات جاری کئے۔











