ملتان،16 اکتوبر (اے پی پی ):قومی اسمبلی کے این اے 157 میں ضمنی انتخاب کے لیے اتوار کے روز سخت سکیورٹی انتظامات میں پولنگ کا عمل شروع ہوگیا ہے ۔حلقہ این اے157 میں رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد4لاکھ62ہزار205ہے جس میں مرد ووٹرز کی تعداد2لاکھ47ہزار920اور خواتین ووٹرز کی تعداد2لاکھ14ہزار285ہے۔ انتخابات کے پرامن انعقاد کےلئے حلقے کی 38یونین کونسلوں میں264پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں جس میں52مرد ،49خواتین اور 163مشترکہ پولنگ اسٹیشنز شامل ہیں۔اس حلقے میں آٹھ امیدوار الیکشن لڑ رہے ہیں جن میں تین امیدوارپارٹی ٹکٹ پر انتخاب لڑ رہے ہیں جبکہ پانچ امیدوار آزاد ہیں۔
اس حلقے میں اصل مقابلہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (PDM) کے متفقہ امیدوار اور سابق وزیراعظم او رسینیٹر سید یوسف رضاگیلانی کے صاحبزادے سید علی موسی گیلانی اورپاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماءشاہ محمودقریشی کی صاحبزاد ی مہربانو قریشی کے درمیان ہے۔ این اے157کی نشست مخدوم زین قریشی کے مستعفی ہونے کے باعث خالی ہوئی تھی۔
واضح ہو کہ الیکشن 2018 میں مخدوم زین حسین 77 ہزار 373 ووٹ لے کر قومی اسمبلی میں کامیاب ہوئے تھے جبکہ پیپلزپارٹی کے امیدوار سید علی موسیٰ گیلانی نے 70,778اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے عبدالغفار ڈوگرنے 62,082 ووٹ حاصل کیے تھے۔











