ملتان ؛ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی تمام گاڑیوں میں ٹریکر سسٹم کی تنصیب کا کام مکمل کر لیا گیا

23

ملتان، 19اکتوبر(اے پی پی ): ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کی تمام گاڑیوں میں ٹریکر سسٹم کی تنصیب کا کام مکمل کر لیا گیا ہے، اب کوئی  بھی گاڑی لوکیشن اور نقل و حرکت کے حوالے سے کمپنی کی آنکھ سے اوجھل نہیں رہے گی،کمپنی ہیڈ آفس میں پورٹل کے ذریعے گاڑیوں کی لائیو مانیٹرنگ شروع کردی گئی ہے۔

کمپنی کے سی ای او محمدفاروق ڈوگر نے اس سلسلے میں آئی ٹی ڈیپارٹنمٹ کا دورہ کیا۔انہوں نے پورٹل کی ورکنگ کا جائزہ لیا اور کمپلینٹ سیل کو بھی چیک کیا۔منیجر ایم آئی  ایس عمران خان نے ٹریکر اور کمپلینٹ سسٹم بارے بریفنگ دی۔منیجر آپریشنز  انوارالحق بھی بریفنگ میں موجود تھے۔

محمد فاروق ڈوگر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر زون کا مشینری سپروائزر مشینری کے سو فیصد صحیح استعمال کا ذمہ دار ہوگا جبکہ کمپنی ہدایت کی خلاف ورزی پر متعلقہ ڈرائیورز کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ڈیوٹی اوقات کے دوران کوئی مشینری فیلڈ میں پارک نظر نہ آئے اور ڈیوٹی اوقات کے بعد تمام مشینری کمپنی یارڈ میں پارک کی جاۓ۔

 محمد فاروق ڈوگر نےکہا کہ مشینری استعمال بارے ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف روزانہ رپورٹ تیار کرکے انہیں بھجوائی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹریکر پورٹل کے استعمال بارے آئی ٹی ڈیپارٹنمنٹ کے تمام اہلکاروں کو ٹریننگ دی جائے اور کمپنی ہیلپ لائن اور ریگولر اور سوشل میڈیا پر صفائی بارے آنیوالی شکایات کو 24 گھنٹوں کے اندر حل کیا جائے۔

سی ای او محمدفاروق ڈوگر کو اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پورٹل بتائے گا کہ کس گاڑی نے کس مقام  سے کہاں تک کتنے کلومیٹر سفر کیا ہے۔

اس کے علاوہ اگر شہر میں کسی کنٹینر کولیفٹ نہیں کیا جائے گا تو پورٹل اس کی نشاندہی کردے گا۔انہیں بتایا گیا کہ ٹریکر سے صفائی کے نظام میں بہتری کے علاوہ فیول کے استعمال میں بھی شفافیت آئے گی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہیلپ لائن پر صفائی بارے  آنیوالی والی شکایت کا 24 گھنٹوں کے اندر ازالہ کردیا جاتا ہے۔