ملتان، 20 اکتوبر(اے پی پی): سی ای او ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی محمد فاروق ڈوگر سے تاجروں کے وفد نے ملاقات کی ہے، ملاقات میں کمپنی انتظامیہ اور تاجر نمائندوں کے مابین مارکیٹوں میں صفائی کے اوقات مقرر کرنے پر اتفاق کر لیا گیاہے۔
ملاقات میں طے پایا کہ دکاندار مقررہ اوقات میں دکانوں کی صفائی کرکے کوڑا کمپنی ورکر کے حوالے کریں گے، اوقات کا تعین زون کے ڈپٹی منیجرز آپریشنز اور متعلقہ مارکیٹ کا انجمن تاجران کا صدر مل کر کریں گے۔
سی ای او محمد فاروق ڈوگر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی شہر اولیاء کو صاف اور خوبصورت بنانے کے لئے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ شہر میں صفائی برقرار رکھنے کے لئے شہریوں اور تاجر برادری کا تعاون نہایت ضروری ہے۔
محمد فاروق ڈوگر نے بتایا کہ مارکیٹوں میں مثالی صفائی کے قیام کے لئے دو آپشن موجود ہیں،اول یہ کہ دکاندار رات کو دکانیں بند کرتے وقت صفائی کرکے کوڑا باہر رکھ جائیں اور دوسرا آپشن یہ ہے کہ دکاندار دن کے وقت طے شدہ ٹائم پر دکانوں کی صفائی کرکے کوڑا ورکر کے حوالےکریں۔
محمد فاروق ڈوگر نے کہا کہ تاجر نمائندےاور شعبہ آپریشنز کے افسران مشاورت سے ہر مارکیٹ کے لئے الگ میکانزم طے کر سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نئی مشینری خریدنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے جس سے شہر کی صفائی میں انقلابی تبدیلی آئے گی۔ انہوں نے بتایا کہ کمپنی نے نئے کنٹینرز کی خریداری کا پلان بھی تیار کرلیا ہے اور نئے کنٹینرز تاجر برادری کی مشاورت سے مارکیٹوں کے اطراف میں رکھے جائیں گے۔
تاجر نمائندوں نے اس موقع پر صفائی بارے مختلف تجاویز دیں۔ تاجر براری نے شہر میں صفائی بارے نئی حکمت عملی کو بھی سراہا اور محمد فاروق ڈوگر کو پھولوں کے گلدستے پیش کئے۔
وفد کی قیادت آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر حاجی عارف فصیح اللہ ،صدر انجمن تاجرران چونگی نمبر14 عنایت اللہ خان شنواری، حاجی ظفر اور رمضان سیال کررہے تھے۔
علاوہ ازیں سی ای او ملتان ویسٹ منیجمنٹ کمپنی محمدفاروق ڈوگر نے صبح سویرے شہر کا دورہ کیا۔ انہوں نے ڈیرہ اڈا، ٹیپو سلطان کالونی،نواں شہر،چوک فوارہ اور چوک گھنٹہ گھر میں صفائی کا جائزہ لیا۔انہوں نے جشن ملتان کے پیش نظر تمام بڑی شاہراہوں کے ڈیوائڈرز سے مٹی ہٹانے کی ہدایت کی اور کہا کہ مرکزی شاہراہوں کے فٹ پاتھ اور ڈیوائڈرز کی سکریپنگ کی جائے اور شہر کے معروف چوکوں کو خوبصورت بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ سڑکوں کے درمیان اور اطراف میں قائم گرین بیلٹس سے کوڑا کرکٹ اٹھایا جائے تاکہ شہر کو دیدہ زیب بنایا جا سکے۔











